’میڈیکل بائیو ٹیکنالوجی سے کورونا وائرس سے نمٹنے میں مدد ملی‘
وزیر صحت نے میڈیکل ٹیکنالوجی کانفرنس سے خطاب کیا ہے۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا ہے کہ میڈیکل بائیو ٹیکنالوجی نے کورونا وائرس کی وبا سے نمٹنے میں مدد کی ہے۔
انہو ںنے کہا کہ اس ٹیکنالوجی کی بدولت کورونا وائرس کی تیزی کے ساتھ تشخیص اور ویکسین کی تیاری میں مدد ملی۔
اخبار 24 کے مطابق وزیر صحت نے منگل کو ریاض میڈیکل ٹیکنالوجی 2021 سربراہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل بائیو ٹیکنالوجی کے کامیاب استعمال کی پہلی مثال انسولین کی صورت میں ریکارڈ پر آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بائیو ٹیکنالوجی امراض کی تشخیص اور جینیاتی علاج میں موثر ثابت ہورہی ہے اس نے بیماریوں سے نمٹنے میں ایک انقلاب برپا کردیا ہے۔
ایسی بیماریاں جن کی تشخیص نہیں ہوپاتی تھی یا جن کا علاج ناممکن مانا جارہا تھا بائیو ٹیکنالوجی کی بدولت تشخیص بھی ممکن ہوئی ہے اور علاج بھی.
الربیعہ کا کہنا ہے کہ بائیو ٹیکنالوجی کی عالمی مارکیٹ کا حجم 2025 تک 700 ارب ڈالر سے زیادہ ہوجائے گا۔ توقع کی جارہی ہے کہ بائیو ٹیکنالوجی کی ادویات کی عالمی مارکیٹ اس سال 351 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی۔
یاد رہے کہ ریاض انٹرنیشنل میڈیکل ٹیکنالوجی ورچول سربراہ کانفرنس 2021 ہو رہی ہے۔ اس کا انتظام کنگ عبداللہ انٹرنیشنل میڈیکل ریسرچ سینٹر ’کیمارک‘ نے کیا ہے۔ کانفرنس کی سرپرستی ولی عہد کررہے ہیں-
کانفرنس میں 50 سے زیادہ بین الاقوامی ماہرین شریک ہیں۔