Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا، دو سال میں چھ ہزار پاکستانی ہیلتھ پروفیشنلز بیرون ملک گئے

دو سال میں 3 ہزار 976 پاکستانی ڈاکٹر بیرون ملک گئے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
کورونا وبا کے باعث پاکستان سے بیرون ملک جانے والے افراد کی تعداد میں اگرچہ بہت زیادہ کمی واقع ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان سے صحت کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد کی مانگ میں ہر گزرتے دن کے ساتھ مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ 
یکم جنوری 2019 سے لے کر 30 اگست 2021 تک پاکستان سے تین ہزار 976 ڈاکٹرز سمیت چھ ہزار307 ہیلتھ پروفیشنلز نے صحت کے شعبہ میں خدمات سر انجام دینے کے لیے دنیا کے 59 ممالک کا رخ کیا۔ 
وزارت سمندر پار پاکستانیز کے ذیلی ادارے بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں وبائی صورت حال کے پیش نظر پاکستان سے ڈاکٹرز، نرسز، فارماسسٹ اور ایکسرے ٹیکنیشنز کی طلب میں اضافہ دیکھنے کو ملا۔ 
2019 سے 2021 کے دوران سب سے زیادہ تین ہزار 976 ڈاکٹرز، ایک ہزار 942  نرسز، 219 فارماسسٹ اور 160 ٹیکنشنز بیرون ملک گئے۔ 
ان اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ ایک ہزار 314 ڈاکٹرز برطانیہ، 753 سعودی عرب، 403 آئر لینڈ، 377 امریکہ، 250 چین، 243 کویت اور 166 ڈاکٹرز متحدہ عرب امارات گئے۔ 
اس کے علاوہ 86 ڈاکٹرز مالدیپ، 73 قطر، 57 عمان، 47 کینیڈا، 28 بحرین، 17 آسٹریلیا، 16 عراق، 14 برونائی، 13 جرمنی اور 10 ملائیشیا گئے۔ 
سب سے زیادہ نرسز نے کویت کا رخ کیا جن کی تعداد ایک ہزار 118 رہی جبکہ یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ اس کے 752 نرسز سعودی عرب اور 39 متحدہ عرب امارات گئے۔ 

بیرون ملک جانے والوں میں ایک ہزار 942 نرسز شامل ہیں۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

142 ایکسرے ٹیکنیشنز اور فارمسسٹ کویت، 142 ہی سعودی عرب اور 51 متحدہ عرب امارات گئے۔ 
اس کے علاوہ پاکستانی ہیلتھ پروفیشنلز کی قلیل تعداد میں جن ممالک میں ملازمتیں حاصل کیں ان میں کرغزستان، ناروے، سنگاپور، صومالیہ، سپین، سوڈان، ازبکستان، ڈنمارک اور فن لینڈ شامل ہیں۔ 
بیرون ملک جانے والے ہیلتھ پروفیشنلز کی بڑی تعداد اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز کے ذریعے ملازمتیں حاصل کرکے باہر گئی تاہم کویت اور سعودی عرب جانے والے ہیلتھ پروفیشنلز اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کے ذریعے روانہ ہوئے۔ 
اس حوالے سے اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کے حکام کا کہنا ہے کہ ’گذشتہ سال کویت کی جانب سے پاکستانی ورکرز کے لیے ویزہ پابندیاں ختم کرنے کے بعد روزانہ کی بنیاد پر ہیلتھ پروفیشنلز کی ڈیمانڈ آتی رہی ہے۔ کویتی وزارت صحت کے حکام خود انٹرویوز اور سلیکشن کا عمل مکمل کرتے اور جونہی 200 سے زائد افراد کا بیچ تیار ہو جاتا ہے تو انھیں خصوصی پرواز کے ذریعے روانہ کر دیا جاتا ہے۔‘ 

کویت نے تعمیراتی شعبوں میں بھی پاکستانیوں کو ویزے جاری کیے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

حکام کا کہنا ہے کہ ’کورونا وبا کی صورت حال میں بہتری کے ساتھ ہی کویت کے مینوفیکچرنگ، تعمیرات اور دیگر شعبوں میں پاکستانیوں کو ویزوں کا اجرا بھی شروع ہو چکا ہے۔‘
خیال رہے کہ کورونا وبا کے باعث رواں سال کے پہلے آٹھ ماہ میں بیرون ملک جانے والے ورکرز کی تعداد ایک لاکھ 35 ہزار سے زائد ہے۔
جن میں سے سب سے زیادہ 88 ہزار 625 ورکرز سعودی عرب گئے ہیں۔ یہ ورکرز سعودی عرب کی جانب سے فضائی سفر پر پابندیوں سے پہلے سعودی عرب پہنچے تھے۔ 
اس کے علاوہ 17 ہزار 797 افراد قطر، 13 ہزار 103 تین عمان اور 7 ہزار 592 افراد بحرین روانہ ہوئے ہیں۔

شیئر: