Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز الدین صدیقی ’ایمی ایوارڈ‘ کے لیے نامزد

نواز الدین صدیقی اس سے قبل نیٹ فلکس کی دیگر سیریز میں بھی پرفارم کر چکے ہیں (فوٹو: ویڈیو گریب)
انڈین اداکار نوازالدین صدیقی کو ان کی فلم ’سیریس مین‘ میں اداکاری کے لیے انٹرنیشنل ایمی ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
نیٹ فلکس کی فلم ’سیریس مین‘ اکتوبر 2020 میں ریلیز کی گئی تھی۔ یہ ایک ایسے باپ کی کہانی تھی جو خود تو ایک کامیاب انسان نہیں تھا لیکن اس نے جھوٹ اور دھوکا دہی کا سہارا لیتے ہوئے مشہور ہونے اور اپنے خاندان کی قسمت بدلنے کے لیے اپنے بیٹے کا سہارا لیا۔
انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز کی نامزدگی کا اعلان انڈین اداکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے کیا تو اپنی نامزدگی پر فلم کی ٹیم اور ڈائریکٹر سدھیر مشرا کو مبادکباد بھی دی۔ 
نواز الدین صدیقی کا شمار انڈیا کے ورسٹائل اداکاروں میں ہوتا ہے جو اس سے قبل نیٹ فلکس کی ایک اور مشہور سیریز ’سیکرڈ گیمز‘میں سیف علی خان کے ساتھ جلوہ گر ہوئے تھے۔
’سیکرڈ گیمز‘ اور ’میک مافیا‘ جن میں نوازالدین صدیقی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں ماضی میں انٹرنیشنل ایمی ایوارڈز کے لیے نامزد ہوئی تھیں۔

نواز الدین اپنے کیریئر میں اس سے قبل بھی فلم فیئر، زی سینی، اسٹار ڈسٹ، ایشین فلم ایوارڈز سمیت متعدد ایوارڈز جیت چکے ہیں۔
نوازالدین صدیقی نے ایکٹنگ نئی دہلی کے مشہور سکول ’نیشنل سکول آف ڈرامہ‘ سے سیکھی تھی اور وہ 1999 سے چھوٹے اور بڑے پردے پر کام کررہے ہیں۔
’گینگز آف واسے پور‘، ’لنچ باکس‘، ’منٹو‘، ’بجرنگی بھائی جان‘ اور ’رات اکیلی ہے‘ کا شمار حالیہ سالوں میں ان کی بہترین فلموں میں ہوتا ہے۔

شیئر: