غیر قانونی طور پر ذاتی کاروبار کرنے والے غیر ملکیوں کو پھر انتباہ
50 ہزار ریال جرمانہ اور چھ ماہ قید کے بعد ملک بدر کردیا جائے گا۔(فوٹو ایس پی اے)
سعودی محکمہ امگریشن اینڈ پاسپورٹ ’جوازات‘ کی جانب سے مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کو متنبہ کیا گیا ہے کہ غیر قانونی کاروبار کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ نے جوازات کی جانب سےجاری انتباہ کے حوالے سے مزید بتایا کہ سعودی عرب میں مقیم ایسے غیر ملکی جو غیر قانونی طور پر اپنا ذاتی کام کرتے ہیں قانونی طور پرجرم ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایسا ثابت ہونے پر انہیں 50 ہزارریال جرمانہ اور چھ ماہ قید کے بعد ملک بدر کردیا جائے گا۔
سعودی محکمہ پاسپورٹ کی جانب سے اس حوالے سے ٹوئٹر پر بھی انتباہی پیغامات مختلف زبانوں میں جاری کیے گئے ہیں تاکہ وہ افراد جو سعودیوں کے ناموں سے ذاتی کام کرتے ہیں وہ اس نوعیت کی سرگرمیوں سے باز آجائیں۔
واضح رہے مملکت میں غیر ملکیوں کےلیے قانونی طور پرذاتی بزنس کرنا منع ہے ـ وہ غیر ملکی جو مملکت میں تجارت کرنے کے خواہاں ہیں ان کےلیے باقاعدہ سرمایہ کاری کا لائسنس حاصل کرنا ہوتا ہے۔