سعودی شہری کے نام پر کاروبار، 70 ہزار ریال جرمانہ اور بیدخلی کی سزا
سعودی اور کینیڈین شہری کی تشہیر خود ان کے خرچ پر کی گئی ہے۔( فوٹو الشرق الاوسط)
سعودی وزارت تجارت نے انسداد پردہ پوشی قانون کی خلاف ورزی ثابت ہوجانے پر سعودی اور ایک کینیڈین شہری کی تشہیر خود ان کے خرچ پر کی ہے۔
سرکاری خبر رساںس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی شہری، کینیڈین کو اپنے نام سے کاروبار کرا رہا تھا۔
وزارت تجارت کے متعلقہ حکام کے علم میں یہ بات آئی تھی کہ سعودی شہری ریاض کے الملز محلے میں ایک کینیڈین کو اپنے نام سے کاروبار کرایے ہوئے ہے۔
وزارت تجارت کے تفتیشی افسران نے پوچھ گچھ کی جس سے اس بات کی تصدیق ہوگئی۔
حقائق تک رسائی کے بعد دونوں کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کرلیا گیا اور فائل مکمل ہونے پر دونوں کو عدالت کے حوالے کردیا گیا۔
ریاض میں فوجداری کی عدالت نے الزام ثابت ہوجانے پر 70 ہزار ریال جرمانہ، تجارتی ادارہ سیل، کاروبار ختم، لائسنس منسوخ، سجل تجارتی ریکارڈ سے خارج کرنے اور آئندہ اس کاروبار پر پابندی جیسے احکام جاری کیے تھے۔
عدالت نے محکمہ زکوۃ و ٹیکس کے واجبات ادا کرنے کی ہدایت بھی کی۔ عدالت نے تشہیر کے ساتھ حکم دیا تھا کہ کینیڈین کو سزا مکمل کرنے کے بعد مملکت سے بے دخل کرکے بلیک لسٹ کردیا جائے۔