Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جعلی شناختی کارڈز بنانے کے الزام میں نادرا کے 136 افسران معطل: شیخ رشید

وزیر داخلہ کے مطابق ایک روز میں پاسپورٹ کے اجرا کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔ (فائل فوٹو)
پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جعلی شناختی کارڈز کی شکایات پر 136 نادرا افسران کو معطل کیا گیا ہے جبکہ 90 کے خلاف انکوائری جاری ہے۔ جعلی ویکسینیشن سرٹیفکیٹس بنانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نادرا کے 300 کے قریب اہلکاروں کو چارج شیٹ بھی دی جا رہی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’شناختی کارڈ کے لیے نئی پالیسی لائی جا رہی ہے کیونکہ ایسی شکایات موجود ہیں کہ ایک شخص نے کئی جگہ انگوٹھے لگائے اور لوگوں کے پاس ایک سے زائد شناختی کارڈ بھی موجود ہیں۔‘
وزیر داخلہ کے مطابق ایک روز میں پاسپورٹ کے اجرا کا سلسلہ شروع کیا جا رہا ہے۔ ’اس کی فیس 10 ہزار روپے ہو گی، 24 گھنٹے میں پاسپورٹ مل جایا کرے گا۔‘
شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’افغانستان کے لیے آن لائن ویزہ شروع کیا جا رہا ہے جس کا اجرا تین ہفتے بعد شروع ہوگا۔‘
’انٹری یا سٹکر کی نسبت آن لائن کا ریکارڈ بہتر انداز میں برقرار رہتا ہے۔‘
شیخ رشید نے طالبان کی آمد پر افغانستان سے آنے والے لوگوں کی تعداد بتاتے ہوئے کہا کہ ’15 اگست سے اب تک 20 ہزار افراد پاکستان آئے، جبکہ چھ ہزار افغانستان گئے۔‘
انہوں نے کہا کہ 10 ہزار سے زائد غیر ملکی اپنے اپنے ملکوں کو چلے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سوائے انڈیا اور صومالیہ کے دیگر ممالک سے تبلیغی اجتماع کے لیے آنے والوں کو سہولت دی جائے گی۔
وزیر داخلہ کے بقول پولیس کی نفری میں ایک ہزار اہلکاروں کا اضافہ کیا جائے گا۔
پنڈورا پیپرز کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’کچھ نہیں اس میں سے، ٹائیں ٹائیں فش ہو گیا۔‘
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اعلان کے تحقیقات کے اعلان نے سب کے منہ بند کر دیے ہیں۔
ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات کے بارے پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ ان کے نوٹس میں نہیں ہے اور نہ ہی اس کے نتیجے کے بارے میں کچھ کہہ سکتے ہیں۔
انہوں نے اسلام آباد میں میلوڈی فوڈ پارک کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے عزم کے ساتھ ساتھ شکرپڑیاں میں نئی فوڈ سٹریٹ بنانے کا بھی اعلان کیا۔

شیئر: