Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فائزر ویکسین کورونا کے شدید حملے سے چھ ماہ تک حفاظت فراہم کرتی ہے: تحقیق

تحقیق کے مطابق ویکسین کی بوسٹر خوراکیں اہم ہیں۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
امریکہ میں کورونا وائرس کے مریضوں پر تحقیق میں پتا چلا ہے کہ فائزر کی دو خوراکیں ڈیلٹا ویرینٹ سمیت وائرس کی شدید اقسام کے خلاف کم از کم چھ ماہ تک بے حد موثر رہتی ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کلینیکل ٹرائلز سے حاصل ہونے والے ڈیٹا میں سامنے آیا ہے کہ ویکسین لگوانے سے کورونا وائرس سے متاثر شخص ہسپتال جانے سے بچ سکتا ہے۔
لانسیٹ نامی سائنسی جریدے میں شائع ہونے والی تحقیق میں وقت کے ساتھ ساتھ  ویکسین کی افادیت کا اصل زندگی کی ترتیب میں معائنہ کیا گیا ہے۔
فائزر اور طبی سہولیات فراہم کرنے والے ادارے کائزر پرمیننٹے نے جنوبی کیلیفورنیا کے 34 لاکھ رہائشیوں کے ریکارڈز دیکھے ہیں۔ ان میں سے ایک تہائی آبادی دسمبر 2020 سے اگست 2021 کے درمیان ویکسین کی مکمل خوراکیں لگوا چکی تھی۔
تین سے چار ماہ کی اوسط مدت کے بعد، ویکسین کی خوراکیں مکمل کرنے والے افراد کورونا وائرس سے 73 فیصد تک محفوظ تھے جبکہ 90 فیصد ہسپتال میں داخل کیے جانے کی صورتحال سے بچے ہوئے تھے۔
ویکسین کی خوراکیں مکمل کرنے والے افراد کورونا وائرس کے کسی بھی ویرینٹ سے متاثر ہونے کے باوجود تحقیق کے دوران ہسپتال داخل کیے جانے سے کافی حد تک محفوظ تھے۔
تاہم پانچ ماہ کے دوران ڈیلٹا ویرینٹ سے حفاظت 40 فیصد تک کم ہوئی۔

تحقیق کے مطابق وقت کے ساتھ ساتھ ویکسین کی آفادیت کا جائزہ لینا چاہیے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

تحقیق کے مطابق اس کے نتائج امریکی اور اسرائیلی صحت کے حکام سے ملنے والے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق ہیں۔
محققین کے مطابق کورونا وائرس سے بچاؤ میں کمی ’ممکنہ طور پر ویکسین کے ڈھلتے اثر کی وجہ سے ہے نہ کہ اس وجہ سے کہ ویکسین ڈیلٹا ویرینٹ سے حفاظت فراہم نہیں کر سکتی۔‘
تحقیق میں مزید بتایا گیا ہے کہ ’ہمارے نتائج اس بات کی اہمیت پر زور دیتے ہیں کہ ویکسین کی افادیت کا وقت کے ساتھ ساتھ جائزہ لینا چاہیے۔ نتائج یہ تجویز کرتے ہیں کہ وائرس سے زیادہ حفاظت کے لیے ویکسین کی بوسٹر خوراکیں اہم ہیں۔‘
واضح رہے کہ اگست میں امریکی حکومت نے کمزور مدافعتی نظام والے افراد کے لیے کورونا وائرس کی اضافی خوراک کی اجازت دی تھی۔ جبکہ فرانس میں بڑی عمر کے افراد کو ویکسین کی اضافی خوراک دی جا رہی ہے۔

شیئر: