Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تمام ایئر لائنز اندرون ملک پروازوں میں کھانا مہیا کریں: سی اے اے

سی اے اے نے کہا کہ ’کسی بھی صورت میں ہمارے مسافروں کو محروم نہ کیا جائے۔‘ (فوٹو روئٹرز)
پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (پی سی سی اے) نے تمام ایئر لائنز کو ہدایت کی ہے وہ اندرون ملک پرواز کے دوران مسافروں کو کھانا اور مشروبات فراہم کریں۔
سنیچر کی شام سی اے اے کی جانب سے ایک ٹوئٹر پیغام میں کہا گیا کہ ’مسافروں کی جانب سے موصول ہونے والی متعدد شکایات کے مطابق ایئر لائنز اندرون ملک سفر کے دوران سفر کرنے والے مسافروں کو کھانا مہیا نہیں کرتیں۔‘
بیان کے مطابق ’اجازت کے باوجود کورونا وائرس کا بہانہ بنا کر مسافروں کو کھانے سے محروم کیا جا رہا ہے۔‘
سی اے اے کا کہنا ہے کہ ’تمام ایئر لائنز فوری طور پر اندرون ملک مسافروں کو کھانا اور مشروبات مہیا کریں اور کسی بھی صورت میں ہمارے مسافروں کو محروم نہ کیا جائے۔‘
بیان کے مطابق جب تک سی اے اے اور این سی او سی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احکامات جاری نہ کرے مسافروں کو کھانا مہیا کرنا جاری رکھا جائے۔
گذشتہ برس کورونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث اندرونِ ملک تمام پروازوں میں کھانے اور مشروبات پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر ایئر ٹرانسپورٹ سول ایوی ایشن (سی اے اے) کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ پی آئی اے سمیت تمام نجی ایئرلائنز اور چارٹرڈ پروازوں میں اس پابندی پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ تمام ایئرپورٹس منیجر اور اے ایس ایف اس فیصلے پر عملدرآمد کروائیں گے۔
تاہم کورونا کیسز میں کمی کے بعد پروازوں میں کھانے پینے پر لگائی گئی پابندی ہٹا دی گئی تھی۔

شیئر: