آسٹریلیا میں ایک شخص پر شارک کے خطرے کا جھوٹا الارم بجانے کا الزام
یہ ٹیگ مغربی آسٹریلیا کے ساحل پر 34 مقامات پر شارکس کی موجودگی کی تنبیہ جاری کر دیتا ہے۔ فائل فوٹو: ان سپلیش
آسٹریلیا میں ایک شخص پر شارک کی نقل و حرکت مانیٹر کرنے کا ٹیگ چوری کرنے کا الزام لگایا گیا ہے، جس کو لے کر اس نے ملک کے مغربی حصے میں شارک پائے جانے کی جھوٹی اطلاعات عام کرکے سنسنی پھیلا دی تھی۔
واضح رہے کہ جن شارکس پر ٹیگ لگے ہوتے ہیں وہ جب مغربی آسٹریلیا کے ساحل میں لگے 34 رسیورز کی حدود میں داخل ہوتی ہیں تو الارم بجنے لگتا ہے۔ اس سے لوگوں کو اہم مقامات پر خطرے کی تنبیہ کی جاتی ہے۔
مغربی آسٹریلیا کے ایک اخبار میں بتایا گیا ہے کہ 48 سالہ اس شخص نے مانیٹر ٹیگ کو ایک سفید شارک سے حاصل کیا تھا، جسے اس نے پکڑا تھا اور پھر بعد میں چھوڑ دیا تھا۔
اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس کے بعد اس ٹیگ سے مبینہ طور پر 13 اگست اور 4 ستمبر کے دوران سات بار شارک الارم بجائے گئے تھے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق البانی کے علاقے میں پولیس نے بدھ کو جاری ہونے والے ایک بیان میں بتایا ہے کہ مذکورہ شخص پر 'اکوسٹک مانیٹر ٹیگ' چوری کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔
پولیس نے اس بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔ تاہم انہیں البانی میجسٹریٹس کی عدالت میں 4 نومبر کو پیش کیا جائے گا۔