سعودی ماہی گیر ’زاکی الحربی‘ جنہیں ان کے رشتہ اور احباب پیار میں ’ابو ودیع‘ کہتے ہیں۔ شارک کو سمندر میں اپنے سامنے گزرتے ہوئے دیکھ کر چھلانگ لگائی اور اس پر سوار ہو گیا۔
دوستوں نے اس منفرد منظر کی وڈیو بناکر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔ لمحوں میں وڈیو وائرل ہوگئی۔
العربیہ نیٹ کے مطابق ابو ودیع نے بتایا کہ ’ سمندر میں جال ڈالے ہوئے تھے۔ مغربی سعودی عرب کے بحیرہ احمر میں دیوہیکل مچھلیاں بہت اچھی لگتی ہیں۔ کہہ سکتے ہیں کہ ان کے اور میرے درمیان یارانہ ہوگیا ہے۔ میں نے دیکھا کہ دیوہیکل مچھلی ماہی گیروں کے کانٹے میں پھنسنے والی ہے ۔ لمحوں میں اسے بچانے کا فیصلہ کیا۔ کشتی سے اس پر چھلانگ لگائی اور اسے دھار دار کانٹے سے زخمی ہونے سے بچالیا۔ تھوڑی دیر تک میں اس کے سر کو پچکارتا رہا۔ میرے ساتھیوں نے اس سارے منظر کی وڈیو بنائی اور سوشل میڈیا پر شئیر کردی۔
ابو ودیع نے بتایا کہ اس قسم کی مچھلیاں ینبع کے مغرب میں پائی جاتی ہیں۔ ان دنوں یہ بحر احمر کے سمندر میں نظر آرہی ہیں- ان کی اوسط لمبائی 7 میٹر ہوتی ہے-
ابوودیع نے بتایا کہ لگ بھگ تیس برس سے سمندر میں کام کررہا ہوں۔ ایک طرف تو ماہی گیری اور دوسری جانب مچھلیوں اور موتیوں کے تاریخی مقامات کی سیر کے لیے سیاحوں کو لے کر جاتا ہوں۔
ابو ودیع نے بتایا کہ مجھے سمندر کی دنیا اور مچھلیوں سے متعلق معلومات حاصل کرنے کا بڑا شوق ہے۔ ایسی مچھلیوں کے بارے میں خاص طور پر غوطہ خوروں سے معلومات لیتا رہتا ہوں جن کی نسل نایاب ہوتی جارہی ہے۔ میں چاہتا ہوں کہ اس قسم کی مچھلیوں کا تحفظ کیا جائے۔
یاد رہے کہ ابو ودیع ماہی گیر 2017 کے دوران مصر میں منعقدہ ماہی گیری کے عرب مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کیے ہوئے ہیں۔
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں