ریاض سیزن میں سماجی آداب کی متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ
ریاض سیزن میں سماجی آداب کی متعدد خلاف ورزیاں ریکارڈ
جمعہ 22 اکتوبر 2021 9:39
سماجی آداب کا قانون دسمبر2019 میں منظورکیاگیا(فوٹو، ٹوئٹر)
ادارہ امن عامہ کے ترجمان بریگیڈیئرسامی الشویرخ نے کہا ہے کہ ریاض سیزن کی افتتاحی تقریب میں سماجی آداب کی خلاف ورزی پر افراد کے چالان درج کیے ـ
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘ کے مطابق درالحکومت میں ’ریاض سیزن 2 ‘ کا افتتاح بدھ کی شام کیا گیا اس موقع پربڑی تعداد میں سعودی شہریوں اور غیر ملکیوں نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی ـ
ادارہ امن عامہ کے ترجمان بریگیڈیئرسامی الشویرخ نے اس حوالے سے بتایا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے سیزن کی افتتاحی تقریب میں شرکت کےلیے آنے والے ایسے متعدد افراد کے خلاف کارروائی کی ہے جو عوامی مقامات پر سماجی آداب کے قوانین کی خلاف ورزی کے مرتکب قرار دیئے گئے ـ
بریگیڈیئر الشویرخ نے مزید کہا کہ لوگ عوامی مقامات پرفوٹوگرافی کے قوانین کا احترام کریں اور بغیر اجازت لوگوں کی عکس بندی نہ کی جائے ـ
سائبر کرائم کے قانون کے مطابق ایسے افراد کے خلاف قید اور جرمانہ کی سزا مقرر ہے جو مروجہ ضوابط کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں ـ
واضح رہے سعودی عرب میں ’ذوق ا لعام ‘ (سماجی آداب ) قانون کا اطلاق دسمبر 2019 میں کیا گیا تھا جس میں کہا گیا ہے کہ عوامی مقامات پرکوئی بھی ایسا فعل جو تہذیب کے خلاف ہو قانونی خلاف ورزی شمار کی جائے گی ـ
ذوق العام قانون کے 19 نکات ہیں جن کے مرتکب ہونے والوں پر 50 سے 3 ہزار ریال تک کا جرمانہ عائد کیاجاتا ہے علاوہ ازیں خلاف ورزی کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے قید کی سزا بھی دی جاسکتی ہے ـ
ذوق العام قانون میں عوامی مقامات پرغیر مناسب لباس پہننا ، کسی کی رضا مندی کے خلاف اس کی تصویر ووڈیو بنانا ، عوامی مقامات پرغیر اخلاقی حرکت کرنا وغیرہ شامل ہیں