Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لگژری کروز کے ذریعے 9 ماہ میں دنیا کے 150 مقامات کی سیر کریں

کروز لائن دسمبر 2023 میں سفر کا آغاز امریکی شہر میامی سے کرے گی۔ (فوٹو سی این این)
بارہ ماہ قبل کسی بھی کروز ٹرپ پر جانے کا سوچا بھی نہیں جاسکتا تھا جب دنیا بھر میں سیاحتی انڈسٹری کورونا وائرس کے بدترین اثرات سے گزر رہی تھی۔
کورونا کیسز میں کمی کے بعد ایک امریکی کروز آپریٹر ایسے سفر کا آغاز کرنے جا رہا ہے جس میں سیاح نو ماہ کے دوران 150 مقامات کا دورہ کر سکیں گے۔
امریکی ٹیلی ویژن سی این این کے مطابق رائل کیریبین کروز لائن دسمبر 2023 میں سفر کا آغاز امریکی ریاست فلوریڈا کے شہر میامی سے کرے گی جس کا اختتام ستمبر 2024 میں فلوریڈا میں ہی ہوگا۔
رائل کریبین کے صدر مائیکل بیلے کا کہنا ہے کہ کروز ٹرپ اس انداز میں ترتیب دیا گیا ہے کہ جو لوگ کورونا کے باعث سفر نہیں کر سکے وہ اس آفر کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔
’دا الٹی میٹ ورلڈ کروز‘ نامی اس بحری سفر کے لیے رائل کریبین کے 965 فٹ طویل جہاز کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں دو ہزار 476 افراد کے رہنے کا انتظام موجود ہے۔ 
میامی سے سفر کے آغاز کے بعد کروز بحیرہ احمر سے گزرتے ہوئے مرکزی اور جنوبی امریکی ممالک میں بھی رکے گا۔ جس کے بعد دیوار چین، آگرہ میں تاج محل اور اہرام مصر جیسے تاریخی مقامات کا دورہ بھی اس کروز ٹرپ میں شامل ہے۔
کروز میں دلچسپی رکھنے والے افراد اپنی سہولت کے مطابق نو ماہ کا مکمل پیکج یا پھر ٹرپ کے مخصوص حصے بک کروا سکتے ہیں۔
دا الٹی میٹ ورلڈ کروز ٹرپ کے پیکج کی قیمت 66 ہزار ڈالر سے لے کر ایک لاکھ 12 ہزار ڈالر ہے۔

شیئر: