’کرپشن جیسی غلیظ سیاست کے قریب کبھی نہیں گئے‘، خورشید شاہ جیل سے رہا
ہفتہ 23 اکتوبر 2021 15:48
خورشید شاہ نے کہا کہ ’مجھے عوام سے محبت کی پاداش میں جیل میں ڈالا گیا۔‘ (فوٹو: اے پی پی)
پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما خورشید شاہ کو دو سال بعد سینٹرل جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔
سنیچر کو خورشید شاہ نے رہائی کے بعد سکھر میں اپنی رہائش گاہ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’میں یہ بات واضح کرتا ہوں کہ مجھے جیل میں ڈالا گیا آج تک کوئی چیز ثابت نہیں کر سکے۔‘
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ ’کرپشن جیسی غلیظ سیاست کے قریب کبھی ہم نہیں گئے، کسی سے کوئی شکوہ نہیں کروں گا کہ مجھے جیل میں کیوں ڈالا گیا۔‘
خورشید شاہ نے کہا کہ ’مجھے عوام سے محبت کی پاداش میں جیل میں ڈالا گیا۔‘
انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’سونامی کا مطلب تباہی، مہنگائی اور بے روزگاری ہے۔‘
یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے خورشید شاہ کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں 18 ستمبر 2019 کو گرفتار کیا تھا۔
سندھ ہائیکورٹ نے خورشید شاہ کی ضمانت کو مسترد کیا تھا جسے انہوں نے سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
سپریم کورٹ نے جمعرات کو خورشید شاہ کی ایک کروڑ روپے کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی تھی۔