آریان خان کو ایک اور رات جیل میں گزارنی پڑے گی، سماعت بدھ تک ملتوی
آریان خان کو ایک اور رات جیل میں گزارنی پڑے گی، سماعت بدھ تک ملتوی
منگل 26 اکتوبر 2021 12:48
بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کو ایک اور رات ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں گزارنی پڑے گی، جہاں وہ دو ہفتے سے کچھ زیادہ عرصے سے قید ہیں۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق بمبئی ہائی کورٹ 27 اکتوبر کو دوپہر اڑھائی بجے آریان خان کی ضمانت کی درخواست پر دوبارہ سماعت کرے گی۔
ممبئی ہائی کورٹ میں شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت پر منگل کو سماعت منگل کو ہوئی۔
شاہ رخ خان نے بیٹے کی رہائی کے لیے نئے وکیل موکول روہتاگی کو مقرر کیا ہے جو انڈیا کے سابق اٹارنی جنرل ہیں۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق دوسری جانب نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این بی سی) نے آریان خان کی ضمانت قبول نہ ہونے دینے کی تیاری کر رکھی ہے۔
اس صورتحال میں شاہ رخ خان کی فیملی کے قریب ایک دوست نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ شاہ رخ خان، گوری خان اور فیملی کو لگتا ہے کہ یہ کیس لمبا چلے گا اور آریان خان کی ضمانت نہیں ہو گی۔
اس کیس میں ایک نیا موڑ آیا ہے، کیونکہ ایک گواہ پرابھاکر سیل نے دعویٰ کیا ہے آریان کے ساتھ سیلفی میں نظر آنے والے کے پی گوساوی نے این سی بی کی ایما پر آریاں خان سے 25 کروڑ روپے کی رشوت طلب کی۔
اس تمام صورتحال میں شاہ رخ خان کے گھر ماحول سوگوار ہے۔ این سی بی نے گواہان پر اثر و رسوخ ڈالا جا رہا ہے اور ضمانت نہیں ہونی چاہیے۔
گذشتہ ہفتے ممبئی کی سپیشل کورٹ نے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی درخواست ضمانت ایک بار پھر مسترد کر دی تھی اور ان کے وکلا نے ضمانت کے لیے ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔
انڈین نیوز چینل انڈیا ٹوڈے کے مطابق بدھ کو عدالت نے سماعت کے دوران آریان خان کے ساتھ ارباز مرچنٹ اور منمن ڈمیچا کی ضمانت کی درخواست کو بھی مسترد کر دیا۔
قبل ازیں انڈین اخبار انڈیا ٹوڈے نے بتایا تھا کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کو کروز پارٹی کے دوران آریان خان کی بالی وڈ میں قدم رکھنے کے لیے تیار اداکارہ کے ساتھ مبینہ طور پر منشیات کے بارے میں چیٹ ملی ہے اور یہ چیٹ میسیجز بدھ کو آریان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کے موقع پر عدالت میں جمع کرا دیے گئے ہیں۔
انڈیا ٹوڈے ٹی وی کو ’ایکسکلیوسو‘ معلومات موصول ہوئی ہیں کہ این سی بی کو بالی وڈ انڈسٹری میں انٹری دینے کے لیے تیار اداکارہ کی آریان خان کے ساتھ چیٹ ملی ہے جس میں وہ دونوں بظاہر دو اکتوبر کو ممبئی کی کروز پارٹی کے دوران منشیات کے بارے میں بات چیت کر رہے تھے۔
آریان خان کی کچھ منشیات فروشوں کے ساتھ چیٹ بھی عدالت میں جمع کروائی گئی۔
یاد رہے کہ ممبئی کی سیشن عدالت نے بالی وڈ سپر سٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے خلاف منشیات کیس میں درخواست ضمانت پر فیصلہ 20 اکتوبر تک محفوظ کیا تھا۔
انڈین ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق سماعت کے دوران نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے عدالت کو بتایا تھا کہ ’شواہد سے معلوم ہوا ہے کہ آریان خان باقاعدگی سے منشیات لیتے تھے، انہیں ضمانت نہیں ملنی چاہیے۔‘
نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے عدالت کو یہ بھی بتایا کہ ’اگر آریان خان کے روابط ثابت ہو گئے تو انہیں لمبے عرصے کے لیے سزا مل سکتی ہے۔‘
شاہ رخ خان کے بیٹے کو 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی کے دوران پڑنے والے چھاپے میں حراست میں لیا گیا تھا۔
نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے اس چھاپے کے دوران 10 افراد کو حراست میں لیا تھا۔ انڈین میڈیا کے مطابق ان پر ڈرگز خریدنے، رکھنے اور استعمال کرنے جیسے الزامات ہیں۔