نارکوٹکس کنٹرول بیورو کا شاہ رخ خان اور اننیا پانڈے کے گھر پر چھاپہ
نارکوٹکس کنٹرول بیورو کا شاہ رخ خان اور اننیا پانڈے کے گھر پر چھاپہ
جمعرات 21 اکتوبر 2021 8:42
انڈیا کے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کی متعدد ٹیموں نے بالی وڈ سٹار شاہ رخ خان اور اداکارہ اننیا پانڈے کے گھروں پر چھاپے مارے ہیں۔
انڈیا ٹو ڈے کے مطابق جمعرات کو این سی بی کی ٹیموں نے ممبئی کروز ڈرگز کیس کے ایک ملزم سے حاصل شدہ معلومات کی بنا پر ممبئی کے اندھیری کے علاقے میں چھاپے مارے۔
این سی بی کی ایک ٹیم چنکی پانڈے اور اننیا پانڈے کے گھر بھی گئی۔ اننیا کو انڈین وقت کے مطابق دوپہر دو بجے نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے طلب کیا ہوا ہے۔
این سی بی کی ایک ٹیم شاہ رخ خان کی اپنے بیٹے آریان خان سے جیل میں ملاقات کے کئی گھنٹوں بعد ان کی رہائش گاہ 'منت' پہنچی۔
قبل ازیں رخ خان نے منشیات کیس میں گرفتار اپنے بیٹے آریان خان سے ممبئی کی آرتھر روڈ جیل میں ملاقات کی۔
آریان خان آٹھ اکتوبر سے ممبئی کروز ڈرگز کیس کی وجہ سے جیل میں ہیں اور ان کی دو دفعہ درخواست ضمانت مسترد ہو چکی ہے۔
کورونا وائرس کی وجہ سے جیل میں ملاقاتوں پر پابندی تھی لیکن گذشتہ روز ان پابندیوں کو ختم کر دیا گیا ہے، اور آج مہاراشٹر کی جیلوں میں قیدیوں سے ملاقات کا پہلا دن ہے۔
شاہ رخ خان نے ملاقاتیوں کے سیکشن میں اپنے بیٹے سے 16 سے 18 منٹ تک ملاقات کی۔ دونوں کے درمیان شیشے کی دیوار تھی اور وہ انٹر کام کے ذریعے آپس میں بات کر رہے تھے۔ اس موقع پر جیل حکام بھی وہاں موجود تھے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز ممبئی کی سپیشل کورٹ نے شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی درخواست ضمانت ایک بار پھر مسترد کر دی تھی۔
بدھ کو عدالت نے سماعت کے دوران آریان خان کے ساتھ ارباز مرچنٹ اور منمن ڈمیچا کی ضمانت کی درخواست کو بھی مسترد کر دیا۔
آریان خان کے وکلا نے ضمانت کے لیے اب ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔
قبل ازیں نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کو کروز پارٹی کے دوران آریان خان کی بالی وڈ میں قدم رکھنے کے لیے تیار اداکارہ کے ساتھ مبینہ طور پر منشیات کے بارے میں چیٹ ملی، جسے آریان خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کے موقع پر عدالت میں جمع کرا دیا گیا۔
آریان خان کی کچھ منشیات فروشوں کے ساتھ چیٹ بھی عدالت میں جمع کرا دی گئی۔
گذشتہ جمعرات کو ممبئی کی سپیشل کورٹ نے بالی وڈ سپر سٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کے خلاف منشیات کیس میں درخواست ضمانت پر فیصلہ 20 اکتوبر تک محفوظ کیا تھا۔
شاہ رخ خان کے بیٹے کو 2 اکتوبر کو ممبئی کے ساحل پر ایک کروز شپ پر ہونے والی پارٹی کے دوران پڑنے والے چھاپے میں حراست میں لیا گیا تھا۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے اس چھاپے کے دوران 10 افراد کو حراست میں لیا تھا۔ انڈین میڈیا کے مطابق ان پر ڈرگز خریدنے، رکھنے اور استعمال کرنے جیسے الزامات ہیں۔