انڈیا: پاکستانی ٹیم کی جیت پر خوشی کا اظہار کرنے والی سکول ٹیچر برطرف
منگل 26 اکتوبر 2021 17:52
نفیسہ نے اپنے واٹس ایپ سٹیٹس پر پاکستانی کھلاڑیوں کی تصاویر لگا کر لکھا تھا ’ہم جیت گئے۔‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
انڈیا کی ریاست راجھستان کے ایک نجی سکول کی استاد کو انڈیا کے خلاف پاکستانی کرکٹ ٹیم کی فتح پر خوشی کا اظہار کرنے پر نوکری سے نکال دیا گیا۔
انڈین اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق نفیسہ عطاری نامی ٹیچر اودھ پور میں نیرج مودی سکول میں پڑھاتی تھیں۔ انہوں نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچ میں انڈیا کے خلاف پاکستان کی جیت کے بعد اپنے واٹس ایپ سٹیٹس پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔
نفیسہ نے اپنے واٹس ایپ سٹیٹس پر پاکستانی کھلاڑیوں کی تصاویر لگا کر لکھا تھا ’ہم جیت گئے۔‘
جب طلبہ میں سے ایک کے والدین نے ان سے پوچھا کہ کیا انہوں نے پاکستان کی حمایت کی ہے تو ان کا جواب تھا ’جی ہاں۔‘
جب نفیسہ عطاری کے واٹس ایپ سٹیٹس کی سکرین شاٹ وائرل ہوئے تو سکول کی انتظامیہ نے انہیں نوکری سے برخاست کر دیا۔
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میچ میں پاکستانی ٹیم کی فتح کے بعد انڈین سوشل میڈیا پر انڈیا کے مسلمان کھلاڑی محمد شامی کے خلاف نفرت آمیز ٹرینڈز چلائے گئے اور انڈیا کی مختلف یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم کشمیری طلبہ کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔