ورلڈ فوڈ پروگرام کی جانب سے عالمی امدادی کوششوں پر سعودی عرب کے کردار کی تعریف
ورلڈ فوڈ پروگرام کی جانب سے عالمی امدادی کوششوں پر سعودی عرب کے کردار کی تعریف
منگل 26 اکتوبر 2021 22:02
کورونا کی عالمی وبا نے بہت سی زندگیوں کو منفی طور پر متاثر کیا ہے(فوٹو ایس پی اے)
ورلڈ فوڈ پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈیوڈ بیسلے نے دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کو امداد فراہم کرنے پر سعودی عرب کے کردارکی تعریف کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق انہوں نے مزید ضرورت مند لوگوں کی مدد کے لیے مملکت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تنظیم کی خواہش پر زور دیا خاص طور پر کورونا کی عالمی وبا کے بعد جس نے بہت سی زندگیوں کو منفی طور پر متاثر کیا ہے۔
ڈیوڈ بیسلے کا یہ بیان کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے صدر دفتر کے دورے کے دوران سامنے آیا۔
ورلڈ فوڈ پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرنے کہا کہ باہمی اعتماد اور مشترکہ کارروائی سے کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس بات کے منتظر ہیں کہ دونوں تنظیموں کی مہارت اور طاقت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے خطے اور پوری دنیا میں ایک موثر اور زیادہ جامع حکمت عملی کے ذریعے کیا کیا جا سکتا ہے۔
دریں اثنا ڈیوڈ بیسلے نے کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کے جنرل سپروائزر ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ سے خوراک کی حفاظت کے شعبے میں مشترکہ پروگراموں کا جائزہ لینے اور مختلف ممالک میں انسانی اور امدادی کاموں کو درپیش مشکلات پر قابو پانے کے لیے ملاقات کی۔
دونوں نے ملاقات میں خوراک کی ضروریات کو پورا کرنے اور دنیا بھر میں متاثرہ افراد کے حالات زندگی کو بہتر بنانے کے لیے بہترین امدادی طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ورلڈ فوڈ پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرنےسعودی ڈویلپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام برائے یمن کے جنرل سپروائزراور یمن میں مملکت کے سفیر محمد الجابر سے بھی ملاقات کی۔
ملاقات میں مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور یمن کی تعمیر نو کی کوششوں میں تعاون کے لیے خیالات اورمہارت کا تبادلہ کیا۔
ڈیوڈ بیسلے اور محمد الجابر نے مستقبل کے مشترکہ تعاون کے پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا جس سے یمن میں غذائی تحفظ کے حصول میں مدد ملے۔
ورلڈ فوڈ پروگرام کے ایگزیکٹو ڈائریکٹرنےسعودی ڈویلپمنٹ اینڈ ری کنسٹرکشن پروگرام برائے یمن کے ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کی جو یمن میں پانی کے نظام اور دیگر پروگراموں کو سپورٹ کرتے ہیں۔