وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے معروف سرائیکی شاعر شاکر شجاع آبادی کے علاج کے لیے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ان کے علاج معالجہ کے اخراجات برداشت کرے گی۔
پنجاب کے محکمہ صحت اورضلعی انظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ شجاع آبادی اوران کے خاندان کی پوری دیکھ بھال کی جائے گی۔
دوسری جانب سندھ حکومت نے بھی ممتاز سرائیکی شاعر شاکر شجاع آبادی کا علاج کرانے کی پیش کش کی ہے۔
پنجاب کے ضلع ملتان سے تعلق رکھنے والے سرائیکی زبان کے معروف شاعر شاکر شجاع آبادی طویل عرصے سے علیل ہیں۔
وزیراعلی پنجاب کی ہدایت اور سندھ حکومت کی جانب سے شاکر شجاع آبادی کی علاج کی پیشکش اس وقت سامنے آئی جب سرائیکی شاعر کی ایک وڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی ہے۔
مزید پڑھیں
-
کم عمری کے باوجود گہری باتیں کرنے والی نسائی آواز” پروین شاکر“Node ID: 353476
-
الاحسا کے خوشبو دار لیموں، جن پر شاعروں نے گیت لکھےNode ID: 589211
-
اندلس کے شاعر کا نایاب مخطوطہ سعودی عرب میں محفوظNode ID: 594001
وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شاکر شجاع آبادی موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھے ہوئے ہیں اور ادھر ادھر لڑھک رہے ہیں جبکہ ایک شخص موٹر سائیکل چلاتے ہوئے انہیں سنبھالنے کی کوشش کر رہا ہے۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شاعر شاکر شجاع آبادی کی بیماری و کسمپرسی کا نوٹس لیا اور سندھ کے وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ کو شاکر شجاع آبادی کا علاج کروانے کی ہدایات کی ہیں۔
وزیرِ ثقافت و سیاحت سندھ سید سردار شاہ نے اعلان کیا ہے کہ معروف شاعر شاکر شجاع آبادی کے علاج کے لیے مکمل خرچ سندھ حکومت برداشت کرنے کو تیار ہے۔
سردار شاہ نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ ’جب چیئرمین بلاول صاحب کو شاکر شجاع آبادی کی طبیعت کی ناسازی کا علم ہوا تو انہوں نے کہا کہ شاکر سرائیکی وسیب کی شان ہیں اور ہمارا سرمایہ ہیں۔ ان کا علاج سندھ حکومت کروائے۔‘
’محکمہ ثقافت سندھ، شاکر صاحب کے علاج یا مالی مدد کے لیے حاضر ہے۔‘
خیال رہے کہ شاکر شجاع آبادی کو ڈسٹونیا کا مرض لاحق ہے جس میں ان دنوں شدت آ گئی ہے۔
ٹویٹر صارفین نے حکومت پنجاب سے شاکر شجاع آبادی کے علاج اور دیکھ بھال کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
کچھ صارفین نے وزیراعظم عمران خان سے بھی شاکر شجاع آبادی کی مدد کی اپیل کی ہے۔