ریاض پولیس نے جرائم پیشہ دو گروہ گرفتار کر لیے
’یہ لوگ موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر راہ گیروں سے موبائل اور خواتین سے پرس چھینا کرتے تھے۔‘ (فوٹو: سبق)
ریاض پولیس نے جرائم پیشہ دو گروہوں کو گرفتار کیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق ایک گروہ موٹر سائیکل چوری کر کے راہ گیروں کو لوٹا کرتا تھا جبکہ دوسرا گروہ گھروں اور دکانوں کی چوریاں کرتا تھا۔
ریاض ریجن پولیس کے ترجمان میجر خالد الکریدیس نے کہا ہے کہ ’تین افراد پر مشتمل ایک گروہ کو گرفتار کیا گیا ہے جو متعدد گھروں اور دکانوں میں چوریاں کر چکا ہے۔‘
’مذکورہ گروہ کے تمام افراد مقامی شہری ہیں اور عمر کی دوسری دہائی میں ہیں۔‘
ترجمان نے کہا ہے کہ ’مذکورہ گروہ کے جرائم کی تفتیش کرنے پر معلوم ہوا کہ وہ ایک ہی طرز کی واردات کرتے رہے ہیں۔‘
’جائے وقوعہ سے ان کے نشانات ملے ہیں جن کی مدد سے گروہ کے افراد کی شناخت ممکن ہوئی ہے۔‘
ترجمان نے کہا ہے کہ ’ریاض پولیس نے ایک اور گروہ کو گرفتار کیا ہے جو موٹر سائیکل چوری کر کے راہ گیروں کو لوٹا کرتا تھا۔‘
’مذکورہ گروہ میں چار افراد ہیں، سب مقامی شہری ہیں اور عمر کی تیسری دہائی میں ہیں۔‘
’یہ لوگ موٹر سائیکل چوری کیا کرتے تھے اور پھر انہی موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر راہ گیروں سے موبائل اور خواتین سے پرس چھینا کرتے تھے۔‘
ترجمان نے کہا ہے کہ ’دونوں گروہ کے افراد کو ضابطے کی کارروائی مکمل کر کے پبلک پراسیکیوشن کے حوالے کر دیا گیا ہے۔‘