جدہ یونیورسٹی میں تنگ پتلون پہننے پر پابندی
’طلبہ اور عملے پر لازم ہے کہ وہ معاشرتی آداب کا خیال رکھیں.‘ (فوٹو: سبق)
جدہ یونیورسٹی نے تدریسی عملے سمیت طلبہ پرتنگ پتلون اور غیر مناسب لباس زیب تن کرنے پر پابندی عائد کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق یونیورسٹی انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’یونیورسٹی کے احاطے میں مناسب لباس پہننا ضروری ہے۔‘
’طلبہ اور عملے پر لازم ہے کہ وہ معاشرتی آداب اور اخلاق عامہ کا خیال رکھتے ہوئے مناسب لباس کا اہتمام کریں۔‘
یونیورسٹی نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کے معاشرتی آداب اور اخلاق عامہ سے ہم آہنگ لباس اور سلوک اختیار کرنا اور روایات کی پابندی کرنا ہماری پہنچان ہونی چاہئے۔‘
’یونیورسٹی نے انتباہ جاری کیا ہے کہ تنگ اور پھٹی پتلون کے علاوہ نیکر اور اس زمرے میں آنے والےغیر مناسب ملبوسات کے ساتھ یونیورسٹی کے احاطے میں داخلہ منع ہے۔‘
انتظامیہ نے کہا ہے کہ ’یہ ہدایت طلبہ سمیت تدریسی اور انتظامی عملے کے لیے ہے کہ وہ سعودی معاشرے کی عکاسی کرنے والے ملبوسات کے علاوہ اخلاق و آداب عامہ کا اہتمام کریں۔‘