کنگ سلمان ریلیف سنٹر کے یمن، اردن اور لبنان میں امدادی منصوبے جاری
کنگ سلمان ریلیف سنٹر کے یمن، اردن اور لبنان میں امدادی منصوبے جاری
جمعرات 28 اکتوبر 2021 13:38
طبی امدادی پیکیج میں آئی سی یو میں استعمال ہونا والا سامان شامل ہے۔ (فوٹو عرب نیوز)
کنگ سلمان ہیومینٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی جانب سے یمن کے الحدیدہ گورنریٹ میں پانی اورماحولیاتی صفائی کی فراہمی کے لیے منصوبے جاری ہیں۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی ایس پی اے کے مطابق صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے کے طور پر یہاں گزشتہ ہفتے کے دوران 301,000 لیٹر سے زیادہ صاف پانی ٹینکروں کے ذریعے فراہم کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ گھریلو استعمال کے لیے اضافی 287,000 لیٹر مزید پانی فراہم کیا گیا ہے۔
کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے اردن میں صحت کے شعبے کی مدد کرتے ہوئے کورونا وائرس کے خلاف بہتر طور پرحفاظتی اقدامات اپنانے کے لیے طبی سامان بھی پہنچایا ہے۔
اس طبی امدادی پیکیج میں مریضوں کےلیےآکسیجن سیلنڈر اور انتہائی نگہداشت کے شعبے میں استعمال ہونا والا دیگرسامان شامل تھا۔
اردن میں تعینات سعودی سفیر نایف بن بندر السدیری نے یہ امداد سرکاری طورپر اردنی وزیر صحت فراز ابراہیم الحواری کو پیش کی ہے۔
اس موقع پر نایف السدیری نے کہا کہ مملکت اور اردن کے مابین مضبوط اوربہترین تعلقات قائم ہیں۔
کنگ سلمان ریلیف سنٹر کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ شمالی لبنان میں قائم الامل امدادی بیکری پروجیکٹ کے تیسرے مرحلے میں روٹیوں کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔
شامی، لبنانی اور فلسطینی خاندانوں میں گزشتہ بارہ ماہ سے روٹیوں کےتقریبا 20,000 پیکٹ یومیہ تقسیم کئے جا رہے ہیں۔
یہاں موجود ضرورت مند ہر خاندان کو روٹیوں کے دو پیکٹ ملتے ہیں جس سے تقریبا 50,000 افراد مستفید ہو رہے ہیں۔
یہ امدادی منصوبہ مملکت کی جانب سے ان کوششوں کا حصہ ہے جو کنگ سلمان ریلیف سنٹر کے ذریعے پناہ گزینوں کے حالات زندگی بہتر بنانے اور انہیں خوراک کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے تحت پیش کی جا رہی ہیں۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں