یوگنڈا کے صدر سے سعودی وزیر مملکت احمد قطان کی ملاقات
یوگنڈا کے صدر سے سعودی وزیر مملکت احمد قطان کی ملاقات
جمعہ 29 اکتوبر 2021 19:12
تعاون کے معاہدے اور سیاسی مشاورت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔( فوٹو ایس پی اے)
یوگنڈا کے صدر یوری موسوینی سے جمعے کو کمپالا میں سعودی وزیر مملکت برائے افریقی ممالک احمد قطان نے ملاقات کی ہے۔
انہوں نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے خیر سگالی کے پیغامات صدر کےحوالے کیے ہیں۔
یوگنڈا کے صدر نے سعودی قیادت کے لیے خیر سگالی اور مملکت کے عوام کے لیے مزید ترقی و خوشحالی کی نیک خواہشات پر مشتمل پیغام سعودی وزیر کے حوالے کیا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق اس موقع پر انہوں نے مملکت اور یوگنڈا کے درمیان تعاون کے رشتوں اور مختلف شعبوں میں انہیں مزید مضبوط بنانے کے طریقوں کا جائزہ لیا۔
علاوہ ازیں باہمی دلچسپی کےعلاقائی و بین الاقوامی حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
سعودی وزیر مملکت احمد قطان اور یوگنڈا کے وزیر خارجہ جنرل جی جی اوڈنگو نے دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے بڑے معاہدے اور سیاسی مشاورت کی یادداشت پر دستخط کیے۔
دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کے معاہدے کے تحت سعودی عرب اور یوگنڈا اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری، ثقافتی، ابلاغی، سیاحتی، تکنیکی، کھیلوں اورنوجوانوں کے شعبوں میں ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔
اس معاہدے کی بدولت دونوں ملکوں کی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دیگر معاہدوں کی راہ بھی ہموار ہوگی۔
سیاسی مشاورت کے لیے مفاہمتی یادداشت کے تحت دونوں ملکوں کے دفاتر خارجہ مختلف علاقائی و بین الاقوامی اوردوطرفہ امور پر خیالات کا تبادلہ کریں گے اور مشاورت کا اہتمام کریں گے۔
اس موقع پر یوگنڈا میں متعین سعودی سفیر جمال المدنی بھی موجود تھے۔