خلیجی ممالک نے بھی لبنانی سفیر کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کردی
ہفتہ 30 اکتوبر 2021 10:55
’لبنانی سفیر کو ملک چھوڑنے کے مطالبے کا بحرین میں موجود لبنانی تارکین سے کوئی تعلق نہیں‘ (فوٹو: مصراوی)
لبنانی وزیر اطلاعات کے سعودی عرب مخالف بیان پر جی سی سی ممالک نے بھی بیروت سے اپنے سفرا واپس بلا لیے ہیں جبکہ بعض نے سفرا سے سرکاری موقف کی وضاحت طلب کی ہے۔
العربیہ کے مطابق بحرین نے کل جمعہ کو منامہ میں متعین لبنانی سفیر کو 48 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دیا کیا ہے۔
بحرینی حکومت نے کہا ہے کہ ’لبنانی سفیر کو ملک چھوڑنے کے مطالبے کا بحرین میں موجود لبنانی تارکین سے کوئی تعلق نہیں‘۔
ادھرمتحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے لبنانی وزیر کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اماراتی وزارت خارجہ نے ابو ظبی میں متعین لبنانی سفیر کو ضاحت کے لیے طلب کیا ہے ۔
اسی طرح کا اقدام کویت نے بھی کیا ہے جس نے لبنانی وزیر اطلاعات کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کویت میں متعین لبنانی سفیر کو طلب کیا ہے۔
کویتی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ’کویت متعین لبنانی سفیر ہادی ہشام کو حکومت کی طرف سے مذمت پر مشتمل سرکاری نوٹس ارسال کردیا گیا ہے‘۔
دریں اثنا جی سی سی کونسل کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر نایف الحجرف نے لبنانی وزیر کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’مذکورہ وزیر یمن کی صورتحال سے ناواقف ہیں‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’جی سی سی ممالک مذکورہ وزیر کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے لبنانی حکومت سے سرکاری موقف کی وضاحت طلب کرتے ہیں‘۔
اسی طرح یمنی وزارت خارجہ نے بھی بیروت میں متعین اپنے سفیر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے مذکورہ وزیر کے بیان پرلبنانی حکومت سے وضاحت طلب کی ہے۔