جبل کدمبل، سیاحوں کے لیے جنت نظیر جزیرہ
’تین مربع کلومیٹر جزیرے کے وسط میں واقع یہ شاندار پہاڑ چٹانوں اور درختوں سے گھرا ہوا ہے‘ ( فوٹو: العربیہ)
سعودی عرب میں عسیر ریجن کے ساحل پر واقع جبل کدمبل جزیرہ اپنے ارد گرد سمندری حیات کے تنوع کی وجہ سے سیاحوں اور ماہی گیروں کے لیے روز مرہ کی منزل ہے۔
العربیہ کے مطابق جزیرہ جبل کدمبل کو سیاحوں کی جنت کہا جاتا ہے جس کے محل وقوع سے بہت کم لوگ آشاں ہیں۔
تین مربع کلومیٹر جزیرے کے وسط میں واقع یہ شاندار پہاڑ چٹانوں اور درختوں سے گھرا ہوا ہے۔
سعودی فوٹوگرافر فائع المعی نے عسیر کے علاقے میں خوبصورت مقامات کی تصاویر کے البم تیار کیے ہیں۔
المعی نے کہا ہے کہ ’عسیر ایک خوبصورت فطرت کا حامل علاقہ ہے۔ اس لیے فوٹوگرافر اس میں اپنا مطلوبہ ہدف تلاش کرتا ہے‘۔
انہوں نے کہا ہے کہ ’کدمبل جزیرے کے مناظر فلیمنگو جیسے ہجرت کرنے والے پرندوں کی موجودگی کی وجہ سے ناقابل بیان ہیں‘۔
’ اس پہاڑی جزیرے کے اطراف میں سمندری پانی کی لہریں اسے اپنے آغوش میں لیے ہوئے ہیں‘۔
فوٹو گرافر نے کہا ہے کہ ’جزیرہ کدمبل سب سے خوبصورت اور قدیم قدرتی جزیروں میں سے ایک ہے جو کہ سیاحت کے لیے امید افزا مستقبل کا منتظر ہے‘۔
انہوں نےکہا ہے کہ ’یہ جزیرہ بحیرہ احمر میں اپنے ممتاز مقام کی بنا پر قرن افریقہ اور یمن سے شمال کی طرف قدیم راستے پر واقع ہے‘۔
’ اس پر قدیم اسلامی یادگاریں پائی گئیں ہیں اور یہ قومی نوادرات کے مقامات میں درج بھی ہے‘۔
جزیرہ کدمبل سمندر کے بیچوں بیچ ایک بلند آتش فشاں پہاڑ ہے جس کے ایک طرف ریت ہے۔