پاکستان کرکٹ بورڈ نے آسٹریلیا کے ساتھ ہوم سیریز کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
آسٹریلیا آئندہ سال مارچ اور اپریل میں 24 سال بعد پاکستان کی سرزمین پر دوطرفہ سیریز کھیلے گا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز میں 3 ٹیسٹ میچز، 3 ایک روزہ اور ایک ٹی 20 میچ کھیلا جائے گا۔
مزید پڑھیں
-
ٹی 20 رینکنگ: پاکستان کے کپتان بابراعظم نمبر ون بیٹسمینNode ID: 615086
-
آسٹریلیا نے افغانستان کے ساتھ اپنا پہلا ٹیسٹ میچ ملتوی کردیاNode ID: 615606
-
پاکستان آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کی روایت توڑ پائے گا؟Node ID: 616391
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹیسٹ سیریز کا آغاز تین مارچ سے نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں ہوگا۔
سیریز میں دوسرا ٹیسٹ میچ 12 مارچ سے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائے گا جبکہ ٹیسٹ سیریز کے آخری میچ کی میزبانی قدافی سٹیڈیم لاہور 21 مارچ سے کرے گا۔
آسٹریلیا کے ساتھ ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کے تمام میچز قدافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
پہلا ون ڈے انٹرنیشنل 29 مارچ، دوسرا 31 مارچ جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے انٹرنیشنل دو اپریل کو کھیلا جائے گا۔ سیریز میں شامل واحد ٹی 20 میچ پانچ اپریل کو قدافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔
کرکٹ آسٹریلیا کا وفد دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گا
پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق ’کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو نک ہوکلے نے کہا کہ وہ اس دورے کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے پی سی بی کی کاوشوں کو سراہتے ہیں اور وہ اس سیریز کے لیے لاجسٹک، سکیورٹی اور کوویڈ 19 پروٹوکولز سے متعلق آئندہ چند ماہ پی سی بی سےمسلسل رابطے میں رہیں گے۔‘
اس تناظر میں کرکٹ آسٹریلیا کا وفد دسمبر میں پاکستان کا دورہ کرے گا۔ دورے کے دوران وہ پی سی بی آفیشلز اور صوبائی اور وفاقی حکام سے ملاقاتیں کرکے معاملات کو حتمی شکل دیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ نے آسٹریلیا کی ٹیم کا دورہ پاکستان پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’انہیں تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے انعقاد پر ذاتی طور پر بہت خوشی ہے، آسٹریلیا ایک مضبوط ٹیم ہے اور ان کا 24 سال بعد پاکستان آکر کرکٹ کھیلنا یہاں موجود فینز کے لیے بہترین لمحہ ہوگا۔‘
چیئرمین پی سی بی کے مطابق ’یہ آسٹریلوی کرکٹرز کے لیے بھی ایک شاندار موقع ہوگا کہ وہ پاکستان کے تاریخی گراؤنڈز میں کرکٹ کھیل کر یہاں کی عوام کی مہمان نوازی کا شرف حاصل کرسکتے ہیں۔‘
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) November 8, 2021