شاداب نے پوچھا سنگل کیوں نہیں لیا، میں نے بہانہ کیا: آصف علی
شاداب نے پوچھا سنگل کیوں نہیں لیا، میں نے بہانہ کیا: آصف علی
ہفتہ 30 اکتوبر 2021 17:52
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سٹار بلے باز آصف علی نے کہا ہے کہ وہ خوش قسمت ہیں کہ ان کی وجہ سے عوام کو خوشی ملی، ورلڈکپ جیت اس سے بھی بڑی خوشی دیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں آصف علی نے کہا کہ ٹیم میں جونیئر سینیئر کی کوئی تخصیص نہیں ہے اور سب کھلاڑیوں ایک دوسرے کو عزت دیتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’رات کو سوچ رہا تھا کہ ’ہم لوگ کتنے خوش قسمت ہیں کہ پاکستان میں عوام ہماری وجہ سے خوش ہیں۔ مجھے خوشی تب ہوگی جب ہم ان کو ورلڈکپ جیت کر دیں گے۔‘
افغانستان کے خلاف میچ میں اپنی بیٹنگ اور چھکوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے آصف علی بتایا کہ ’میرا پلان یہ تھا کہ مجھے جہاں بھی گیند ملے گی تو کوشش ہوگی کہ اس کو مڈل کروں اور باؤنڈری سے باہر پہنچاؤں۔‘
ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کو تیسرا میچ جتوانے میں اہم کردار ادا کرنے والے بلے باز نے کہا کہ ’چھکے تو 100 میٹر سے زائد کی باؤنڈری پر بھی لگتے ہیں یہ تو 82 میٹر کی باؤنڈری تھی تو میں سوچ رہا تھا کہ گیند چھکے کے بعد سٹینڈ میں جانے کے بجائے باؤنڈری سے ہی باہر چلی جائے۔‘
انیسویں اوور میں سٹرائیک شاداب کو دینے کے لیے رن نہ لینے کے حوالے سے آصف علی کا کہنا تھا کہ ’سب کو پتا ہے وہاں سنگل رن تھا مگر میں نے جان بوجھ کر نہیں لیا۔‘
’مجھے پتا تھا شاداب میرے پاس آ رہا ہے، غصے میں ہے۔ میں اس کے پاس جا کر ادھر ادھر دیکھنے لگا کہ یہ کوئی بات نہ کرے۔ پھر بھی اس نے مجھ سے دو دفعہ پوچھا کہ سنگل کیوں نہیں لیا۔ میں شاداب سے بہانہ کیا کہ بولر میرے سامنے آ گیا تھا گیند کا پتہ نہیں چلا۔‘
آصف علی نے کہا کہ ’میں نے خود سے منصوبہ بنایا ہوا تھا کہ یہ اوور میں نے کھیلنا ہے۔ اللہ پاک نے مجھ سے یہ کروانا تھا۔‘
ٹیم کے بارے میں بات کرتے ہوئے پاکستانی بیٹسمین کا کہنا تھا کہ ’جب تک ٹیم کے سارے کھلاڑیوں کا کمبی نیشن نہیں بنتا تو پرفارمنس اس طرح نہیں ہو سکتی۔ گزشتہ پانچ برس سے دیکھ رہا ہوں مگر اس وقت جو ٹیم کی کمبی نیشن ہے اس جیسی پہلے کبھی نہیں تھی۔ ٹیم کے سارے لڑکے ایک دوسرے کو بیک کرتے ہیں اور کارکردگی کو سراہتے ہیں۔‘