Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا نے افغانستان کے ساتھ اپنا پہلا ٹیسٹ میچ ملتوی کردیا

افغانستان کی مردانہ ٹیم اس وقت ٹی 20 ورلڈ کپ کھیل رہی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
آسٹریلیا نے افغانستان کے ساتھ اپنا پہلا کرکٹ ٹیسٹ ملتوی کر دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعہ کو آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے یہ فیصلہ ان خدشات کی وجہ سے کیا کہ طالبان حکومت خواتین کے کھیلنے پر پابندی عائد کر دے گی۔
آسٹریلیا کے کرکٹ حکام نے کہا ہے کہ 'متعلقہ اسٹیک ہولڈرز' کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ مردوں کی ٹیم کا ٹیسٹ، جو رواں ماہ ہوبارٹ میں کھیلا جائے گا، پلان کے مطابق آگے نہیں بڑھے گا۔
اگست میں منتخب حکومت کو معزول کرنے کے بعد، سینیئر طالبان رہنماؤں نے کہا کہ افغان خواتین اب کرکٹ یا کوئی اور کھیل نہیں کھیلیں گی۔
طالبان نے خواتین کو اسکول جانے اور عوامی کردار ادا کرنے سے بھی روک دیا ہے۔
سینیئر آسٹریلوی کرکٹرز نے عندیہ دیا تھا کہ اگر خواتین کرکٹ پر ڈی فیکٹو پابندی برقرار رہتی ہے تو وہ ٹیسٹ کو منسوخ دیکھنا چاہیں گے۔
افغانستان کی مردانہ ٹیم اس وقت ٹی 20 ورلڈ کپ کھیل رہی ہے لیکن انہیں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر یہ ملک نیوزی لینڈ میں ہونے والے خواتین کے ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کو میدان میں اتارنے میں ناکام رہا تو انہیں بین الاقوامی پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔
ایک بیان میں کرکٹ آسٹریلیا نے کہا کہ وہ 'افغانستان اور دنیا بھر میں خواتین اور مردوں کے لیے کھیل کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔'
'موجودہ غیر یقینی صورتحال کو دیکھتے ہوئے، (کرکٹ آسٹریلیا) نے ٹیسٹ میچ کو بعد میں اس وقت تک ملتوی کرنا ضروری سمجھا جب صورتحال واضح ہو جائے۔'
افغان کھلاڑیوں کو آسٹریلیا میں آئندہ بگ بیش لیگ سیزن میں کھیلنے کی اجازت ملنے کی توقع ہے۔

شیئر: