Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی ٹیم کے ’وزیر خارجہ‘ نے کوئی میچ کھیلے بغیر لاکھوں دل جیت لیے

شاہنواز دھانی پاکستانی ٹیم کے ساتھ بطور ریزرو کھلاڑی موجود ہیں۔ (فوٹو: کارلوس بریتھویٹ)
متحدہ عرب امارات میں جاری ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی شاندار فتوحات پر ہر میچ کے بعد بلے بازوں، بالروں اور کپتان کی تعریفیں ہوتی ہے اور وہ ان تعریفوں کے مستحق بھی ہیں۔
تاہم پاکستانی ٹیم کے ساتھ ایک ایسا بھی کھلاڑی ہے جس نے ٹی20 ورلڈکپ کا کوئی ایک بھی میچ نہیں کھیلا لیکن پھر بھی پاکستانی سوشل میڈیا پر اس کے چرچے دیگر کھلاڑیوں سے زیادہ ہیں۔
بات ہو رہی ہے شاہنواز دھانی کی جو اس وقت ریزرو کھلاڑی کے طور پر پاکستانی ٹیم کا حصہ ہیں۔
ریزرو کھلاڑی سے مراد وہ کھلاڑی ہے جو ٹیم کے کسی پلیئر کے زخمی ہونے کی صورت میں پلیئنگ 11 کا حصہ بن سکتا ہے۔
لیکن دھانی نے بغیر کھیلے پاکستانی کرکٹ شائقین کو اپنا گرویدہ کیسے بنالیا؟
سوشل میڈیا پر نظر ڈالیں تو آپ کو معلوم ہوگا کہ شاید دھانی کے چرچے ان کے دیگر ٹیموں کے کھلاڑیوں سے میل ملاپ اور ان کے اچھے اخلاق کی وجہ سے ہیں۔
ورلڈکپ میں ان کی کرکٹ کے بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ تصاویر وائرل ہیں۔ شروعات میں ان کی پہلی تصویر سابق انڈین کپتان ایم ایس دھونی کے ساتھ آئی۔
دھانی نے ٹوئٹر پر تصویر کے ساتھ لکھا تھا کہ سابق کپتان ان کے ’ڈریم پلیئر‘ ہیں جن کو بھلایا نہیں جاسکتا۔

پھر افغانستان کے خلاف پاکستان کی جیت کے بعد انہوں نے ایک ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے پوسٹ کی جس میں وہ راشد خان سے گلے ملتے ہوئے نظر آئے۔
دیگر اکاؤنٹس سے لگائے جانے والی تصاویر اور ویڈیوز میں دھانی دیگر ٹیموں کے کھلاڑیوں کو کیک پیش کرتے ہوئے بھی نظر آئے۔
ایسے ہی ایک تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے اسد قاسم نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ ’شاہنواز دھانی ٹی 20 ورلڈکپ میں پاکستان کی کیک ڈپلومیسی کی قیادت کر رہے ہیں۔‘

ٹوئٹر صارفین نے انہیں پاکستان کرکٹ ٹیم کا ’وزیر خارجہ‘ بھی نامزد کر دیا ہے۔
طارق میٹلا نامی صارف نے لکھا کہ ’پاکستانی کرکٹ ٹیم کے وزیرخارجہ شاہنواز دھانی سکاٹ لینڈ اور پاکستانی کرکٹرز سے بات چیت کر رہے ہیں۔‘
صارفین کا یہ بھی کہنا ہے کہ انہوں نے بھلے سے اس ورلڈکپ میں کوئی میچ نہیں کھیلا لیکن انہوں نے لاکھوں دل جیت لیے ہیں اور کئی بین الاقوامی کھلاڑیوں سے دوستیاں کر لی ہیں۔

شیئر: