برج ٹاون... پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ویسٹ انڈیز کیخلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں فتح گر کارکردگی دکھانے والے نوجوان لیگ اسپنر شاداب خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاداب کی غیر معمولی کارکردگی اس کے روشن مستقبل کی عکاس ہے۔ میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں کہا کہ شاداب نے کیریئر کے پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں جس انداز میں بولنگ کی وہ نہ صرف اس کے اعتماد کی مظہر تھی بلکہ اس نے یہ بھی بتا دیا کہ وہ مستقبل قریب میں ٹیم کیلئے اثاثہ ثابت ہوگا۔ کسی بھی سیریز کا پہلا میچ خصوصی اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔ سرفراز احمد نے فتح کا کریڈٹ بولرز کو دیا۔ دریں اثناء ویسٹ انڈین آل راونڈر جیسن ہولڈ ر نے پاکستان کیخلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ناکامی کی وجہ پاکستانی ٹیم میں موجود اجنبی چہروں کو قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے کھلاڑی جتنی جلد اپنے ان حریفوں سے روشناس ہونگے اتنا ہی ان کا کھیل بہتر ہوسکے گا۔ شاداب خان اور اس جیسے دیگر نوجوان کھلاڑی ہمارے ساتھیوں کیلئے اجنبی ہیں۔ ان میں سے بہت سوں کو ہم نے پہلی مرتبہ ایکشن میں دیکھا ہے ۔ جیسن ہولڈر نے کہا کہ خاص طور پر پاکستانی بولرز کیخلاف حکمت عملی کیلئے مل بیٹھنا ہوگا۔