ایک ہفتے کے دوران تجارتی مراکز میں 10 ارب ریال کی خریداری
گذشتہ ہفتے کے مقابلے میں 3.3 فیصد کم خرچ کیے گئے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب میں صارفین نے چھ نومبر کو مکمل ہونے والے ہفتے کے دوران تجارتی مراکز میں 10 ارب ریال خرچ کیے ہیں، جو 29 اکتوبر کو پورے ہونے والے ہفتے کے دوران ہونے والے خرچ کے مقابلے میں 3.3 فیصد کم ہے۔
الاقتصادیہ نے سعودی سینٹرل بینک ساما کے جاری کردہ اعدادوشمار کے حوالے سے بتایا کہ صارفین نے گذشتہ ہفتے 10 ارب ریال خرچ کیے جبکہ اس سے قبل والے ہفتے کے دوران 10.34 ارب ریال خرچ کیے گئے تھے۔
گذشتہ ہفتے کے دوران 11 سیکٹرز کے مقابلے میں چھ سیکٹرز میں زیادہ خرچ کیا گیا۔ زیورات میں شرح نمو سب سے زیادہ 8.3 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ صارفین نے 224.2 ملین ریال کے زیورات کی خریداری کی ہے۔
زیورات کے بعد ہوٹلوں میں زیادہ ریال خرچ کیے گئے۔ گذشتہ 13 ہفتوں کے دوران پچھلے ہفتے ہوٹلوں پر ریکارڈ خرچ کیا گیا ہے۔ 199.2ملین ریال ہوٹلوں پرگزشتہ ہفتے خرچ کیے گئے جبکہ شرح نمو6.7 فیصد ریکارڈ کی گئی-
کھانے پینے کی اشیا پر13.7 فیصد کم خرچ کیے گئے۔ کم خرچ کے حوالے سے اس کے بعد صحت کا شعبہ رہا۔ جس میں کمی کا تناسب 5.2 فیصد تھا جبکہ کمیونیکیشن کے شعبے میں کمی کا تناسب 4.2 فیصد رہا۔