Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلیا سے ہار پر کوئی کسی پر انگلی نہ اٹھائے: بابر اعظم

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کوئی کھلاڑی کسی دوسرے پر انگلی نہ اٹھائے، ہم نے بطور ٹیم اچھا نہیں کھیلا۔
جمعرات کو آسٹریلیا سے سیمی فائنل میں شکست کے بعد بابر اعظم نے رات گئے ٹیم میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دکھ سب کو ہے کہ کہاں ہم نے غلط کیا اور کہاں ہمیں اچھا کرنا چاہیے تھا۔
'ہمارا جو یونٹ بنا ہوا ہے یہ ٹوٹے نا۔ نہ کوئی کسی پر انگلی اٹھائے، ہم نے بطور ٹیم اچھا نہیں کھیلا۔'
انہوں نے کہا کہ ہار سے سیکھیں گے اور آئندہ آنے والے میچوں میں یہ غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔'
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ میں بطور کپتان تمام کھلاڑیوں کی حمایت کرتا ہوں۔ ہر میچ میں ہر کھلاڑی نے ذمہ داری لی ہے۔
اس موقع پر گرین شرٹس کے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن کا کہنا تھا کہ مجھے تمام کھلاڑیوں پر فخر ہے۔ محمد رضوان سمیت کھلاڑیوں نے غیر معمولی کارکردگی دکھائی۔
’اس ٹورنامنٹ میں ٹیم نے بہت ہمت کا مظاہرہ کیا ہے۔ براہ مہربانی اپنے سر بلند کریں کیونکہ یہ درد عارضی ہے۔ ہمیں انفرادی اور اجتماعی طور پر کئی چیزوں پر کام کرنا ہے۔‘

بابر اعظم نے کہا کہ دکھ سب کو ہے کہ کہاں ہم نے غلط کیا اور کہاں ہمیں اچھا کرنا چاہیے تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)

بولنگ کنسلٹنٹ ویرن فلینڈر نے کہا کہ ایسی چیزیں ہوتی ہیں۔ ہم نے ٹورنامنٹ میں اپنا مومینٹم برقرار رکھا لیکن ہم سب کو آج کا سبق یاد رکھنا ہوگا۔
 عبوری ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق کا کہنا تھا کہ وِن اور لوز، یہ لفظ کسی نے ایسے ہی بنا دیا ہے۔ وِن اینڈ لرن، جو جو آپ نے سیکھا ہے اسے لکھیں۔
'سر اٹھا کر رکھیں یہ گیم کا ایک حصہ ہے، ہم نے آگے بڑھنا ہے۔'
واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔
ایونٹ کا فائنل 14 نومبر کو نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
میچ کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی جانب سے ڈریسنگ روم میں کی جانے والی تقریر نے کرکٹ شائقین کو جذباتی کر دیا۔ سوشل میڈیا پر بابر اعظم کی تقریر کے ویڈیو کلپ کو شیئر کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین بابر اعظم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مستقبل کے لیے دعائیں کر رہے ہیں۔

 سوشل میڈیا صارف عائشہ لیاقت ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھتی ہیں کہ ’بابر اعظم نے حوصلہ بلند کرنے والی تقریر کی ہے۔ ہمیں آپ سب پر فخر ہے، مستقبل کے لیے گڈ لک۔

ٹوئٹر صارف مظہر علی کہ ’بابر اعظم نے ایک بار پھر جاندار تقریر کی۔ مجھے ٹیم پر فخر ہے اور بابر ٹیم کے ایک مضبوط کردار ہیں۔
 انہوں نے مزید لکھا کہ ’ایک کے بعد ایک جیت کے شاندار لمحات فراہم کرنے اور ہمارے پرانے حساب کتاب چکانے پر بحثیت قوم ہم آپ کے شکر گزار ہیں! آپ سر جھکا کر نہیں سر اٹھا کر وطن واپس آئیں بھرپور استقبال ہوگا۔

شیئر: