Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آریان خان کی سالگرہ کا جشن اس بار ’گھر کی چار دیواری میں‘

آریان خان کی بہن سوہانا خان نے امریکہ سے ویڈیو ایپ فیس ٹائم کے ذریعے انہیں جنم دن کی مبارکباد دی (فوٹو: اے ایف پی)
آریان خان آج 12 نومبر کو 24 سال کے ہو گئے ہیں لیکن اس بار ان کا یہ اہم دن دیگر سالوں کی نسبت کچھ مختلف ہے۔ گذشتہ پورا مہینہ آریان خان اور ان کے والدین شاہ رخ خان اور گوری خان کے لیے کافی مشکل رہا کیونکہ وہ منشیات کے حوالے سے ایک کیس میں گرفتار تھے۔
انڈین اخبار انڈیا ٹو ڈے کے مطابق ویسے تو ہر سال آریان خان کو اپنی سالگرہ کے موقع پر قریبی دوستوں کے ساتھ پارٹی کرتے دیکھا گیا ہے لیکن اس بار وہ اس دن کو اتنے پُرجوش طریقے سے نہیں منا سکیں گے۔
خاندانی ذرائع نے انڈیا ٹو ڈے کو بتایا ہے کہ آریان خان یہ سالگرہ خاموشی سے منائیں گے۔ ان کی بہن سوہانا خان نے امریکہ سے ویڈیو ایپ فیس ٹائم کے ذریعے انہیں جنم دن کی مبارکباد دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ’انہیں (آریان) وہ تمام پرائیوسی دی گئی ہے جس کی انہیں ضرورت ہے۔ وہ بہتر ہیں اور اپنی معمول کی زندگی کی طرف واپس آ رہے ہیں۔ ان کے اہلخانہ ہمیشہ ان کی سالگرہ کو خاص بناتے ہیں۔ ماضی میں شاہ رخ خان نے انہیں چھٹیاں گزارنے کے لیے بیرون ملک بھیجا تھا اور ان کے یونیورسٹی کے دوستوں نے سرپرائز پارٹی کا اہتمام کیا تھا۔‘
خاندانی ذرائع کے مطابق ’اس سال ایسا نہیں ہوگا کیونکہ یہ خاندان اپنے گھر منت کی چار دیواری میں ہی آریان کی سالگرہ کا جشن منائے گا۔‘
گذشتہ کچھ دنوں سے یہ خبریں بھی گردش کر رہی ہیں کہ شاہ رخ خان آریان کے لیے باڈی گارڈ رکھنا چاہ رہے ہیں۔
انڈیا کی اینٹرٹینمنٹ خبروں سے متعلق ویب سائٹ ای ٹائمز کے مطابق شاہ رخ خان اپنے بیٹے کے لیے ایک قابل اعتبار باڈی گارڈ ہائر کرنا چاہتے ہیں کیونکہ وہ اپنی آنے والی فلموں کی وجہ سے آئندہ کچھ دنوں میں مصروف ہو جائیں گے۔
شاہ رخ خان کے باڈی گارڈ روی سنگھ ایک عرصے سے ان کے ساتھ ہیں اور انہیں گھر کا ایک فرد ہی سمجھا جاتا ہے۔
آریان خان چونکہ کسی نئے شخص کے ساتھ فوراً زیادہ پُرسکون محسوس نہیں کرتے اس لیے ایک نیا باڈی گارڈ رکھنے کے بجائے شاہ رخ خان نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ روی سنگھ آریان کے ساتھ شہر مین رہیں گے اور وہ اپنے لیے کوئی نیا باڈی گارڈ رکھیں گے۔

شیئر: