Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تین حوثی رہنما بلیک لسٹ، سعودی عرب کی جانب سے سلامتی کونسل کے فیصلے کا خیر مقدم

سعودی عرب یمن اوراس کی آئینی حکومت کی مدد کرتا رہے گا (فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت خارجہ نے ایران کے حمایت یافتہ حوثی دہشت گردوں کے تین رہنماوں کو بلیک لسٹ کرنے سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔ 
سرکاری خبر رساں ایس پی اے کے مطابق  حوثیوں کے تینوں رہنما جنہیں بلیک لسٹ کیا گیا ہے یمن میں امن و استحکام کے لیے براہ راست خطرہ بنے ہوئے تھے۔
وزارت خارجہ نے بیان میں امید ظاہر کی کہ ’سلامتی کونسل کا یہ فیصلہ حوثی دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کی سرگرمیوں کو لگام لگانے میں معاون بنے گا‘۔
اس اقدام سے حوثیوں کے خطرات پر قدغن لگے گی۔ دہشتگرد تنظیم کے لیے میزائلوں، ڈرونز، خطرناک اسلحہ اور حربی عمل کی فنڈنگ بند ہوگی۔ 
سعودی وزارت خارجہ نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ’سعودی عرب یمن اوراس کی آئینی حکومت کی مدد کرتا رہے گا‘۔
علاوہ ازیں یمنی بحران کو ختم  کرانے والے مکمل سیاسی حل تک رسائی کے لیے جاری بین الاقوامی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔
وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کہ’ سعودی عرب چاہتا ہے کہ یمنی بھائیوں کے مصائب دور ہوں۔سعودی عرب اس حوالے سے ہر کوشش کی حمایت کرتا رہا ہے اور کرتا رہے گا‘۔ 

شیئر: