آن لائن گوشت کی فروخت، اب قسطوں میں ادائیگی کی سہولت
حفظان صحت کے اصولوں کے تحت پیک کرکے ڈلیور کیا جاتا ہے۔( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
آن لائن گوشت فروخت کرنے والی کمپنی نے جدہ کے بعد ریاض میں بھی اپنی سروسز کا آغاز کردیا ہے۔
کمپنی کے ڈائریکٹر تعلقات عامہ سالم الوذینانی کا کہنا ہے کمپنی کی جانب سے اپنے صارفین کے لیے جاندار اور صحت مند مویشیوں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔
کمپنی کے صاف ستھرے مذبح میں مطلوبہ مویشوں کو ذبح کرنے کے بعد صارفین کی طلب کے مطابق بوٹیاں بنائی جاتی ہیں جنہیں حفظان صحت کے اصولوں کے تحت پیک کرنے کے بعد ڈلیور کیا جاتا ہے۔
کمپنی کی پالیسی ہے کہ صارف کی جانب سے جائز شکایت موصول ہونے پر ارسال کیے گئے گوشت کو تبدیل بھی کیا جاتا ہے۔
کمپنی نے قسطوں پر بھی یہ سہولت فراہم کی ہے۔’تابی‘ ایپ کے ذریعے چار قسطوں میں ادائیگی کرائی جاسکتی ہے۔
مویشوں میں سواکنی کی قیمت 350 ریال سے شروع ہوتی ہے جبکہ ’حری‘ بھیڑ 412 ریال میں دستیاب ہے۔
واضح رہے آن لائن گوشت فروخت کرنے کا سلسلہ سعودی نوجونوں کے ایک گروپ نے شروع کیا تھا جو کامیاب ہونے کے بعد ریاض میں بھی اس سروس کا آغاز کردیا گیا ہے۔