Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’سعودی شہریت کی خبر سن کر گھر والے خوشی سے رونے لگے‘

مختار عالم کا کہنا ہے کہ ’سعودی شہریت ملنے پر خوشی کی کوئی انتہا نہیں ( فوٹو ٹوئٹر)
غلاف کعبہ کے خطاط مختارعالم نے سعودی شہریت ملنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ’ انہیں بچپن سے ہی خوش نویسی کا شوق تھا۔ غلاف کعبہ کے خطاط ہونے کا اعزاز حاصل کرنا ایک خواب تھا۔‘ 
عکاظ اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے مختار عالم کا کہنا تھا کہ ’بہت کم عمری سے خوش نویسی اور خطاطی سے دیوانگی کی حد تک لگاو تھا۔ پرائمری سکول میں داخل ہوا تو خطاطی میں غیرمعمولی دلچسپی دکھائی۔‘
’یہ اس وقت کی بات ہے جب پرائمری سکول کی چوتھی کلاس میں تھا۔ مجھے نہ صرف اس وقت خطاطی آتی تھی بلکہ میں طلبہ کو بھی سکھایا کرتا تھا۔‘ 
مختارعالم نے بتایا کہ ’یونیورسٹی میں آرٹ ٹریننگ کے شعبے کا انتخاب کیا۔ گریجویشن کے بعد اسی شعبے میں ام القری یونیورسٹی سے  ایم اے اور ایم فل کیا۔‘ 

سعودی شہریت  کے اعزاز پر قیادت کا شکر گزار ہوں ( فوٹو ٹوئٹر)

غلاف کعبہ کے خطاط کو چالیس برس سے زیادہ خطاطی کا تجربہ ہے۔ بیس برس سے مکہ مکرمہ میں غلاف کعبہ فیکٹری سے منسلک ہیں۔ ہر طرح کے رسم الخط کے ماہر ہیں اور انہیں کئی ایوارڈ مل چکے ہیں۔
اندرون و بیرون مملکت خطاطی کے متعدد ٹریننگ کورس کروا چکے ہیں۔ خوش نویسی کے رجسٹرڈ ٹرینر بھی ہیں۔
مختار عالم کا کہنا ہے کہ ’سعودی شہریت ملنے پر خوشی کی کوئی انتہا نہیں۔ اس اعزاز پر قیادت کا شکر گزار ہوں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’سعودی شہریت کی خبر سن کر گھر والے خوشی سے رونے لگے۔ میری چاروں بیٹیاں سعودی عرب میں ہی پیدا ہوئی ہیں۔ ان کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں۔ ایک بیٹی خطاطی کی ماہر ہے اور اس کے کورسز بھی کروا رہی ہے۔‘

شیئر: