Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہی فرمان کے تحت مزید 27 شخصیات کو سعودی شہریت مل گئی

شخصیات کے نام اور تعارف سعودی جریدے الشرق الاوسط نے شائع کیے ہیں۔ (فوٹو: الشرق الاوسط)
سعودی عرب میں شاہی فرمان کے مطابق قانون، میڈیکل، سائنس، کلچر، کھیل اور ٹیکنیکل شعبوں میں خصوصی مہارت رکھنے والے پروفیشنل افراد کو شہریت دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے تعلیم، طب، توانائی کے شعبے کے مزید 27 ماہرین اور دینی شخصیات کو سعودی عرب کی شہریت دینے کے احکامات دیے ہیں۔ ان شخصیات کے نام اور تعارف سعودی جریدے الشرق الاوسط نے شائع کیے ہیں۔ 
سعودی شہریت حاصل کرنے والوں میں بعض ایسی شخصیات ہیں جنہوں نے مکہ دستاویز کی توثیق کی تھی۔ کئی وہ ہیں جن کی طب کے شعبے میں نمایاں خدمات ہیں۔

مصطفی تسیریتش 

مصطفی تسیریتش رابطہ عالم اسلامی کے رکن ہیں۔ مکہ مکرمہ دستاویز کی توثیق کرنے والوں میں سے ایک ہیں۔ بوسنیا ہریگوینیا کے مفتی اعلی اور علما کے سربراہ رہ چکے ہیں۔ اسلامی و غیر اسلامی فکری و دینی اور علمی اداروں میں قدرومنزلت کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ 

حسین الدودی

حسین الدودی بھی رابطہ عالم اسلامی کی سپریم کونسل کے ممبر ہیں۔ مکہ مکرمہ دستاویز کی توثیق کرنے والی شخصیات میں سے ایک ہیں۔ ان دنوں سکینڈے نیویا کونسل کے سربراہ ہیں۔ مذاہب عالم کے درمیان ہم آہنگی کے علمبردار ہیں۔

محمد نمر السماک

معروف عرب دانشور اوراسلامی عیسائی مکالمہ کمیٹی کے سیکریٹری جنرل محمد نمر السماک رابطہ عالم اسلامی کے ممبر ہیں۔ مکہ مکرمہ دستاویز کی توثیق کرنے والی شخصیات میں سے ایک ہیں۔ مشرق اور مغرب کے درمیان مکالمے کے موضوع پر کئی کتابوں کے مصنف ہیں۔ 

عبداللہ صالح عبداللہ

عراق کے ممتاز سکالرعبداللہ صالح عبداللہ تاریخ نویس ہیں۔ خصوصا سعودی عرب اور خلیج کی تاریخ پر گہری نظر رکھتے ہیں۔ 

رضوان نایف السید رابطہ عالم کی سپریم کونسل کے ممبر ہیں۔

رضوان نایف السید

رضوان نایف السید اسلامی فکر کے سکالر مانے جاتے ہیں۔ رابطہ عالم کی سپریم کونسل کے ممبر ہیں۔ مکہ مکرمہ دستاویز کی توثیق کرنے والی شخصیت ہیں۔ اسلامی مطالعات میں کنگ فیصل عالمی ایوارڈ حاصل کیا۔ اسلامی فکر اور مطالعات پر ہونے والی کانفرنسوں میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔  

محمد الحسینی

لبنان میں اسلامی عرب کونسل کے سیکریٹری جنرل محمد الحسینی شیعہ فرقے کے اہم عالم ہیں۔ اسلامی دنیا اور یورپی ممالک کے میڈیا پر نظر آتے ہیں۔ میانہ روی اور اعتدال پسندی کے علمبردار اور فرقہ واریت کے مخالف ہیں۔ 

مختلف سائنسی علوم میں نمایاں مقام رکھنے والی  شخصیات کو بھی سعودی شہریت دی گئی ہے۔ 

عماد محمد تلیجہ

عماد محمد تلیجہ نے برطانیہ میں کنگز فنڈ سے مینجمنٹ اینڈ لیڈر شپ کی ڈگری حاصل کی۔ لیورپول یونیورسٹی سے انٹرنیشنل ہیلتھ کنسلٹینسی سرٹیفکیٹ لیا۔  ان کی 87 سے زیادہ ریسرچ شائع ہوچکی ہیں۔ میڈیسن اور میڈیکل ریسرچ میں کئی ایوارڈ لے چکے ہیں۔ متعدی امراض میں امریکی بورڈ کے ممبر ہیں۔ 

لبنان میں اسلامی عرب کونسل کے سیکریٹری جنرل محمد الحسینی عالم ہیں۔

عماد الدین ناجح عزت کنان

عماد الدین ناجح عزت کنان کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال میں اعصابی امراض کے سیکشن کے سربراہ ہیں۔ اعصاب کے معروف عالمی سرجنوں میں سے ایک ہیں۔ کینیڈین اکیڈمی انہیں دنیا کے 16 بہترین سرجنوں کی فہرست میں شامل کیے ہوئے ہے۔ 115 تحقیقی مقالے شائع  ہوچکے ہیں۔  230 لیکچرز دیے جبکہ آٹھ سائنسی کتابوں کی تصنیف میں شامل ہیں۔
کنگ فیصل یونیورسٹی میں اعصابی امراض پروگرام کے ڈائریکٹر اور کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال میں میڈیکل کنسلٹینسی کے رکن ہیں۔ کئی بین الاقوامی سائنسی کمیٹیوں کے ممبر ہیں- سعودی عرب، ایشیا اور یورپی ممالک سے اعزاز یافتہ ہیں۔

خالد حموی

خالد حموی پیٹ اور گردے کے امراض میں امریکی بورڈ کے ممبر، گردے کے امراض میں امریکی فیلو شپ رکھتے ہیں۔ کنگ فیصل سپشیسلٹ ہسپتال میں بینکریاز کی پیوند کاری پروگرام کے ڈائریکٹر ہیں۔ امریکہ میں مایوکلینک ہسپتال میں بینکریاس کی پیوند کاری پروگرام اور کنگ فہد سپیشلسٹ ہسپتال دمام میں اعضا کی پیوند کاری کے مرکز کے ڈائریکٹر رہ چکے ہیں۔ 20 تحقیقی مقالے شائع ہوچکے ہیں اور متعدد کتابوں کے مصنف ہیں۔ 

خالد حموی کنگ فیصل سپشیسلٹ ہسپتال میں ڈائریکٹر ہیں۔

محمد غیاث جمیل

محمد غیاث جمیل انتہائی نگہداشت کے شعبے کے کنسلٹنٹ ہیں۔ سینے کے امراض اور نیند کے مسائل نیز انتہائی نگہداشت کے شعبے میں امریکی بورڈ کے رکن ہیں۔ کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال میں نیند کے امراض کے یونٹ کے ڈائریکٹر رہ چکے ہیں۔ آن لائن مریضوں کی نگہداشت کے لیے انتہائی نگہداشت کا ٹی وی یونٹ قائم کیا ہوا ہے۔ نارتھ ڈکوٹا یونیورسٹی میں معاون پروفیسر رہ چکے ہیں۔ 

ولید خالد رشید

ولید خالد رشید کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال میں ہڈیوں کے گودے اور خون کے امراض کے کنسلٹنٹ ہیں اور آسٹریلین بورڈ کے ممبر ہیں۔ 32 تحقیقی مقالے شائع ہوچکے ہیں۔ نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے متعدد ہسپتالوں اور ہیلتھ سینٹرز میں خدمات انجام دے چکے ہیں۔ سٹیم سیل ٹرانسپلانٹ کے ماہر ہیں۔ اس سپیشلائزیشن کے ماہر دنیا میں بہت کم ہیں۔ 

فاروق عویضہ

فاروق عویضہ ماہر جراحت قلب ہیں۔ شریانوں اور دل  کی جراحت میں یورپ سے پی ایچ ڈی کی ہے۔ نیشنل گارڈ ہسپتال ریاض میں جراحت قلب کے کنسلٹنٹ کے طور پر کام کر چکے ہیں۔ پانچ ہزار سے زیادہ اوپن ہارٹ سرجریز کر چکے ہیں۔ سعود البابطین سینٹر میں ملازمت کے دوران 20 سے زیادہ تحقیقی مقالے پیش کیے۔

فاروق عویضہ ماہر جراحت قلب ہیں

مصطفی عبداللہ صالح

مصطفی عبداللہ صالح بین الاقوامی سپیشلسٹ میڈیسن کے شعبوں میں 235 تحقیقی مقالے شائع کرا چکے ہیں۔ ان کے سات ہزار 761 تحقیقی کام منظر عام پر آ چکے ہیں۔ بچوں کی صحت پر ان کا کام منفرد ہے۔ 1990 میں سویڈن کی اوپسلا یونیورسٹی سے میڈیسن میں پی ایچ ڈی اور 1982 میں سوڈان کی الخرطوم یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی ہیں۔

انصر مراح

انصر مراح کنگ فہد پٹرولیم اینڈ منرل یونیورسٹی میں پروفیسر ہیں۔ انجینیئرنگ اینڈ ایپلی کیشن کے ماہر ہیں۔ کے ایف یو پی ایم اور ایم آئی ٹی کے درمیان ریسرچ سینٹر کے نگراں ہیں۔ 90 سے زیادہ تحقیقی مقالے شائع کرا چکے ہیں۔ 50 مضامین عالمی کانفرنسوں میں پیش کر چکے ہیں جبکہ 11 ایجادات ریکارڈ پر ہیں۔ 

محمد عبدالعزیز مصطفی حبیب

محمد عبدالعزیز مصطفی حبیب کے ایف یوپی ایم میں پروفیسر ہیں۔ 200 سے زیادہ تحقیقی مقالے شائع ہو چکے ہیں۔ بین الاقوامی کانفرنسوں میں 50 تحقیقی مضامین پیش کرچکے ہیں۔ 24 ایجادات کا اندراج  ہے جبکہ 20 ایجادات کا اندراج کرا رہے ہیں۔ 70 سے زیادہ پریکٹیکل ریسرچ کر چکے ہیں۔ متعدد ایوارڈ حاصل کیے ہوئے ہیں۔ کاربن کے اخراج پر ریسرچ سینٹر کے نگراں ہیں۔ 

بیکر یلباس

بیکر یلباس کنگ فہد پٹرولیم و منرل یونیورسٹی میں پروفیسراور انجینیئرنگ سائنس کے ماہر ہیں۔ لیزر اور توانائی کے علوم میں کمال رکھتے ہیں۔ 13 سے زیادہ کتابوں کے مصنف ہیں۔ معتبر علمی رسائل میں 400 سے زیادہ تحقیقی مقالے شائع کرچکے ہیں۔ 26 ایجادات ان کے ریکارڈ پر ہیں۔ 

شیئر: