حوثی امریکی سفارتخانے سے نکل جائیں اور یرغمالیوں کو رہا کریں، سلامتی کونسل
جرمن عہدیدار نے سلامتی کونسل کے بیان کی مکمل حمایت کی ہے۔ ( فوٹو عرب نیوز)
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یمن میں امریکی سفارتخانے کے احاطے میں داخل ہونے اور حوثیوں کی جانب سے جاری خلاف ورزیوں کی سخت مذمت کی ہے۔
سلامتی کونسل نے ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ملیشیا کو فوری طور پر سفارتخانے کے احاطے سے واپس بلائے اور قیدیوں کو رہا کرے۔
العربیہ نیٹ کے مطابق جرمن وزارت خارجہ میں مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کے ریجنل ڈائریکٹر کرسٹن بک نے بیان میں حوثیوں سے کہا ہے کہ وہ امریکی سفارتخانے کے تمام اہلکاروں کو فورا رہا کریں اور سفارتخانے کی عمارت سے نکل جائیں۔
جرمن عہدیدار نے اس حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے بیان کی مکمل حمایت بھی کی ہے۔
اس سے قبل سلامتی کونسل نے بیان میں ایران کے حمایت یافتہ حوثیوں کی صنعا میں امریکی سفارتخانے پر دھاوا بولنے اور دسیوں مقامی اہلکاروں کو یرغمال بنائے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کی تھی۔
سلامتی کونسل کے ارکان نے بیان میں کہا کہ حوثیوں نے صنعا میں امریکہ کے سفارتخانے کے طور پر استعمال ہونے والے کمپلیکس پر دھاوا گھناؤنی حرکت ہے۔
سلامتی کونسل کے ارکان نے حوثیوں سے کہا کہ وہ فورا کمپلیکس سے نکل جائیں اور زیر حراست تمام افراد کو پہلی فرصت میں رہا کریں۔