یمن میں حزب اللہ اور پاسداران انقلاب کے ماہرین پرعرب اتحاد کا حملہ
جمعرات 18 نومبر 2021 20:57
عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ مارب لڑائی میں 27 ہزار حوثی ہلاک ہوچکے ہیں (فوٹو، ٹوئٹر)
عرب اتحاد برائے یمن نے جمعرات کو جاری بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مارب اور الجوف میں حوثیوں اور ان کی گاڑیوں پر 35 عسکری حملے کیے گئے-
العربیہ نیٹ کے مطابق حملوں کے دوران 200 سے زیادہ حوثی دہشت گر مارے گئے جبکہ ان کی 24 عسکری گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں-
عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ مارب کی لڑائی میں 27 ہزار حوثی ہلاک ہوچکے ہیں- انہیں مزید جانی نقصان برداشت کرنا پڑے گا-
عرب اتحاد نے یہ بیان ایسے ماحول میں دیا ہے جبکہ بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب اتحادی افواج نے صنعا میں حوثیوں کے ورکشاپس اور گوداموں پر تابڑ توڑ فضائی حملے کیے- انہوں نے الدیلمی ایئربیس کو نشانہ بنایا جس سے خوفناک دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں-
عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ اس نے صنعا میں لبنانی حزب اللہ اور ایرانی پاسداران انقلاب کے ماہرین کے زیر استعمال خفیہ ٹھکانے پر بھی فضائی حملہ کیا-
مارب میں کئی ہفتوں سے تمام محاذوں پر جھڑپیں جاری ہیں-
اس حوالے سے عرب اتحاد نے کہا ہے کہ وہ یمن کی آئینی افواج کی مدد جاری رکھے گا-