انڈین وزیر دفاع کے ’دھمکی آمیز بیان‘ کو مسترد کرتے ہیں: پاکستان
اتوار 21 نومبر 2021 19:52
راج ناتھ نے کہا کہ ’مغربی سرحد پر موجود اپنے پڑوسی کو ہم نے واضح پیغام دیا کہ اگر اس نے حدود سے تجاوز کیا تو ہم اس کی حدود میں داخل ہو جائیں گے۔ (فوٹو: روئٹرز)
پاکستان کے دفتر خارجہ نے انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ کے بیان کو مسترد کیا ہے جس میں انہوں نے پاکستان کو ’سرجیکل سٹرائیک کی دھمکی‘ دی تھی۔
پاکستانی دفتر خارجہ سے اتوار کو جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پاکستان انڈین وزیر دفاع کے انتہائی غیر ذمہ دارانہ، اشتعال انگیز اور بے جا ریمارکس کو سختی سے مسترد کرتا ہے۔ ان کے بے بنیاد ریمارکس ایک طرف فریب ہیں اور دوسری طرف اپنے پڑوسیوں کے خلاف انڈیا کی دشمنی کی عکاسی کرتے ہیں۔‘
’ایسا کرکے انڈیا عالمی برادری کی توجہ انڈین قابض افواج کی طرف سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قانون کی وسیع پیمانے پر ہونے والی خلاف ورزیوں سے ہٹانا چاہتا ہے۔‘
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ ’پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ فروری 2019 میں انڈیا کی مہم جوئی کو ناکام بنانے میں پوری دنیا پاکستان کی صلاحیت اور عزم کی گواہ تھی۔‘
خیال رہے کہ انڈیا کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ہفتے کو کہا تھا کہ ’ہم اپنے پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ انڈیا نے کبھی کسی ملک پر حملہ نہیں کیا اور نہ ہی اس نے کبھی کسی باہر کے علاقے پر قبضہ کیا۔ پڑوسیوں کے ساتھ اچھے تعلقات رکھنا انڈیا کی ثقافت ہے لیکن کچھ لوگ اسے نہیں سمجھ رہے۔‘
انڈین اخبار ٹائمز آف انڈیا کے مطابق راج ناتھ نے پاکستان کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’مغربی سرحد پر موجود اپنے پڑوسی کو ہم نے واضح پیغام دیا ہے کہ اگر اس نے حدود سے تجاوز کیا تو ہم صرف بارڈر پر مزاحمت نہیں کریں گے بلکہ اس کی حدود میں داخل ہو جائیں گے اور سرجیکل اور ایئر سٹرائیکس کریں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ہم کسی ملک کو اپنی سرزمین کے ’ایک انچ پر بھی قبضہ نہیں کرنے دیں گے۔ انڈیا ایسے کسی بھی اقدام کا منہ توڑ جواب دے گا۔‘