Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش کو آخری گیند پر شکست، پاکستان کا ٹی20 سیریز میں کلین سویپ

ڈیبیو کرنے والے شاہنواز دھانی نے اپنے پہلے ہی اوور میں وکٹ حاصل کی۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان نے سیریز کے تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف جیتنے کے بعد کلین سویپ فتح اپنے نام کر لی ہے۔
پاکستان نے 125 رنز کے تعاقب میں مقررہ اووزر میں 5 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کر لیا۔
میچ کے آخری اوور میں اس وقت دلچسپ صورت حال پیدا ہو گئی جب یکے بعد دیگر پاکستان کی تین وکٹیں گریں۔ آخری گیند پر پاکستان کو دو رنز درکار تھے، اس وقت محمد نواز نے چوکا لگا کر سیریز کا اختتام کیا۔ 
پاکستان کی جانب سے بابراعظم نے 19، محمد رضوان نے 40 جبکہ حیدر علی نے 45 رنز بنائے۔
پاکستان کی پہلی وکٹ کپتان بابر اعظم کی گری جو 19 رنز پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد محمد رضوان کو شہید الاسلام نے آؤٹ کیا جبکہ سرفراز احمد، حیدر علی اور افتخار آخری اوور محمد اللہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلہ دیش نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 124 رنز سکور کیے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے اوپنر محمد نعیم نے سب سے زیادہ 47 رنز بنائے۔ شمیم حسین نے 22 اور عفیف حسین نے 20 رنز سکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے محمد وسیم نے چار اوورز میں 15 رنز دے کر دو جبکہ سپنر عثمان قادر نے چار اوورز میں 35 رنز دے کر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ڈھاکہ شیرِ بنگلہ سٹیڈیم میں سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں پاکستان کے نوجوان بولر شاہنواز دھانی نے ڈیبیو کیا۔ 
انہوں نے اپنے پہلے اوور میں نجم الحسین کو بولڈ کر کے کیئریر کی پہلی وکٹ حاصل کی ہے۔
ٹیم میں سرفراز احمد کو بھی شامل کیا گیا۔ بلے باز افتخار احمد کی بھی پاکستان کے پلیئنگ سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔
فخر زمان اور عماد وسیم کو آرام کا موقع دیا گیا ہے جبکہ عثمان قادر کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
مڈل آرڈر بلے باز شعیب ملک بیٹے کی علالت کے سبب سیریز کے آخری میچ کے لیے دستیاب نہیں تھے۔
پاکستان کی کرکٹ ٹیم پہلے دو میچوں میں کامیابی حاصل کر کے سیریز جیت چکی تھی اور وہ جیت کلین سویپ فتح میں بدل گئی ہے۔

شیئر: