پاکستان بمقابلہ بنگلہ دیش: شعیب ملک تیسرا ٹی 20 نہیں کھیلیں گے
شعیب ملک میچ سے قبل دبئی کے لیے روانہ ہوں گے۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے بلے باز شعیب ملک پیر کو بنگلہ دیش کے خلاف ہونے والے تیسرے اور آخری ٹی 20 نہیں کھیلیں گے۔
پی سی بی کے مطابق شعیب ملک کے بیٹے کی طبیعت ناساز ہے اور وہ میچ سے قبل دبئی کے لیے روانہ ہوں گے۔
پاکستان کا قومی ٹی 20 سکواڈ تیسرا میچ کھیلنے کے بعد ڈھاکہ سے پاکستان کے لیے بذریعہ دبئی منگل کو روانہ ہوگا۔
ٹیم کے کھلاڑی عثمان قادر اور عماد وسیم دبئی میں رُک کر اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ وقت گزاریں گے۔
قومی ٹیسٹ ٹیم منگل کو ٹیسٹ سیریز کھیلنے کے لیے بنگلہ دیش کے شہر چٹاگانگ کے لیے روانہ ہو گی۔
پاکستان کے بولنگ کنسلٹنٹ ورنان فلینڈر پہلے ٹیسٹ کے بعد واپس اپنے ملک جنوبی افریقہ روانہ ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلہ دیش ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے دو میچ کھیلیں گے۔
چٹاگانگ ٹیسٹ کا آغاز 26 نومبر سے ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 4 سے 8 دسمبر تک ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔