لاہور/ نئی دہلی.. انڈین کرکٹ بورڈ رواں سال ستمبر یا نومبر میں پاکستان کے ساتھ دبئی میں سیریز کا خواہاں ہے جس کے لئے اپنی حکومت سے نیوٹرل وینیو پر سیریز کی اجازت مانگی ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریارخان نے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی سی سی آئی نے سیریز کے حوالے سے تاحال کوئی رابطہ نہیں کیا ۔ ہندوستانی اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ بی سی سی آئی وزارت داخلہ کو 2014 میں فیوچر ٹورز پروگرام (ایف ٹی پی) کے تحت معاہدے کو پورے کرنے کے لئے اجازت مانگی ہے۔بی سی سی اس مرتبہ دبئی میں سیریز کھیلنے کو تیار ہے جہاں پاکستان اپنی ہوم سیریز کی میزبانی کرتا ہے۔ معاہدے کے مطابق ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو 2014 میں سیریز کے لئے پاکستان کا دورہ کرنا تھا لیکن حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے پر سیریز ختم کردی گئی تھی ۔پی سی بی کے چیئرمین شہر یار خان نے معاہدے پر دستخط کرنے کے باوجود سیریز نہ کھیلنے پر بی سی سی آئی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کیا تھا۔