شاہ سلمان کے قطر، بحرین، عمان اور کویت کے سربراہوں کو مکتوب
شاہ سلمان کے قطر، بحرین، عمان اور کویت کے سربراہوں کو مکتوب
اتوار 5 دسمبر 2021 20:09
وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحا ن نے مکتوب حوالے کیے ہیں( فوٹو ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے امیر کویت شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح ،بحرین کے فرماں روا شاہ حمد بن عیسیٰ آل خلیفہ، امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی اور عمان کے فرمانروا کے نام الگ الگ مکتوب ارسال کیے ہیں ۔
بھیجے گئے مکتوب کویت، بحرین،عمان اور قطر کے ساتھ سعودی عرب کے مضبوط برادرانہ تعلقات اور انہیں مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے ہیں۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اتوار کو نائب امیر اور ولی عہد کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات میں شاہ سلمان کا مکتوب حوالے کیا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے اس موقع پر امیر کویت کو شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان کویتی بھائیوں کےلیے مزید ترقی و خوشحالی کی خواہش رکھتے ہیں اور ان کی آرزو ہے کہ کویت اور اس کے عوام کامیابی کے ساتھ ترقی کا سفر طے کرتے رہیں۔
نائب امیر کویت شیخ مشعل الاحمد نے شاہ سلمان کےلیے نیک خواہشات پر مشتمل خیر سگالی کا پیغام سعودی وزیر خارجہ کے حوالے کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں سعودی بھائیوں کےلیے پائیدار ترقی و خوشحالی کی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے ایوان امیری میں ملاقات کر کے امیر قطر شیخ تمیم کو بھی مکتوب حوالے کیا۔
اس موقع پر قطر میں متعین سعودی سفیر شہزادہ منصور بن خالد اور وزیر خارجہ کے دفتر کے ڈائریکٹر جنرل عبدالرحمان الداود بھی موجود تھے ۔
وزیر خارجہ نے امیر قطر کےلیے خادم حرمین شریفین کی طرف سے خیر سگالی کا پیغام بھی پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ شاہ سلمان قطری بھائیوں کےلیے مزید ترقی و خوشحالی اور کامیابی کی شاہراہ پر مزید پیش رفت کے آرزو مند ہیں ۔
امیر قطرشیخ تمیم بن حمد نے شاہ سلمان کےلیے خیر سگالی کا پیغام وزیر خارجہ کے حوالے کیا ۔ سعودی بھائیوں کی پائیدار ترقی و خوشحالی کی آرزو ظاہر کی۔
وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے شاہ بحرین اور عمان کے فرمانروا سے بھی ملاقات کر کے مکتوب اور خیر سگالی کا پیغام حوالے کیا ۔
شاہ بحرین اور عما ن کے فرمانروا نے بھی شاہ سلمان کےلیے خیر سگالی، صحت و عافیت اور سعودی عوام کی پائیدار ترقی و خوشحالی کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔