Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حمزہ شہباز کی گلوکاری: ’چاندنی راتیں ہمیں سونے نہیں دیتیں‘

مریم نواز کے بیٹے کا ولیمہ 17 دسمبر کو طے ہے (فوٹو: جنید صفدر انسٹاگرام)
پاکستان کے صوبہ پنجاب کی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف نے اپنے بھانجے ’جنید صفدر کی شادی کی تقریب‘ میں گنگنایا تو گلوکاری پر کہیں ان کی تعریف ہوئی تو کسی نے اسے شریف خاندان کی مہارتوں میں سے ایک قرار دیا۔
متعدد افراد نے سوشل ٹائم لائنز پر حمزہ شہباز کے گانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دعویٰ ہے کہ انہوں نے مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کی شادی کی تقریب میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا ہے۔
’سہانی چاندنی راتیں ہمیں سونے نہیں دیتیں، تمہارے پیار کی باتیں ہمیں سونے نہیں دیتیں۔ تمہاری ریشمی زلفوں میں دل کے پھول کھلتے ہیں، کہیں پھولوں کے موسم میں ہم تم ملتے ہیں۔‘ کے بولوں پر مشتمل ایک فلمی گیت گنگنانے کی ویڈیو ٹیم لائن پر آئی تو متعدد افراد نے اسے حمزہ شہباز تک رکھنے کے بجائے شریف خاندان کی مہارت قرار دیا۔ 
کئی صارفین نے لکھا جنید صفدر کے بعد حمزہ شہباز کی گانے میں مہارت دیکھ کر لگتا ہے کہ گلوکار شریف خاندان کی اہم صلاحیت ہے۔
کچھ عرصہ قبل مریم صفدر کے صاحبزادے جنید صفدر کی بھی ایسی ہی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ لندن میں اپنے نکاح کے بعد ایک تقریب میں انڈین گلوکار محمد رفیع کا ایک گانا گنگنایا تھا۔
جنید صفدر کی شادی کے سلسلے میں جاری تقریبات کے دوران حمزہ شہباز نے مریم نواز، کیپٹن صفدر سمیت خاندان اور پارٹی کی متعدد اہم شخصیات کی موجودگی میں اپنی گلوکاری کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا تو وہ ’چاندانی راتوں‘ کے تذکرے تک محدود نہیں رہے بلکہ ’ہمیں تم سے پیار‘ ہے بھی گنگنایا۔
بیٹے کی شادی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب کے دوران مریم نواز کے گنگنانے کا ایک کلپ بھی سوشل ٹائم لائنز پر شیئر کیا جاتا رہا جس کے پس منظر میں آواز تو ہے تاہم مریم نواز کو خود گاتے ہوئے دیکھا نہیں جا سکتا۔
چند روز قبل مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے کہا گیا تھا پارٹی کی نائب صدر مریم نواز اپنے بیٹے جنید صفدر کی شادی کی تقریبات کی وجہ سے 15 روز کے لیے سیاسی سرگرمیوں سے دور رہیں گی۔
جنید صفدراورعائشہ سیف کا نکاح لندن میں 22 اگست کو ہوا تھا جس میں ان کے نانا، سابق وزیراعظم تو شریک تھے تاہم والدہ مریم نواز اور والد کیپٹن صفدر دونوں ہی شریک نہیں ہو سکے تھے۔
جنید صفدر کی جانب سے انسٹاگرام پر اپنے ولیمے کا کارڈ بھی شیئر کیا گیا جس میں ان کی اور اہلیہ عائشہ سیف کی تصاویر کے ساتھ ولیمے کی تاریخ بھی درج ہے۔
یہ پہلا موقع نہیں کہ حمزہ شہباز، مریم نواز یا شریف خاندان کے کسی فرد کی گلوکاری کے مناظر سوشل ٹائم لائنز پر زیربحث آئے ہوں۔ 
ماضی میں بھی جنید صفدر کی ایسی ہی ایک ویڈیو سامعین سے داد وصول کر چکی ہے جس میں وہ صوفیانہ کلام پڑھتے ہوئے سنے جا سکتے ہیں۔

شیئر: