Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’کیا ہوا تیرا وعدہ‘: جنید صفدر نے گانا کس کے لیے گایا؟

بالی ووڈ کا مشہور گانا ’کیا ہوا تیرا وعدہ، وہ قسم وہ ارادہ‘ 1977 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہم کسی سے کم نہیں‘ کے لیے محمد رفیع نے گایا تھا لیکن یہی گانا پچھلے دنوں پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر بھی اپنی شادی کی تقریب میں گاتے ہوئے نظر آئے۔
جنید صفدر کی شادی دو روز قبل لندن میں ہوئی تھی جس میں سابق وزیراعظم نواز شریف، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور متعدد نامی گرامی افراد نے شرکت کی۔ 
شادی میں شریک مہمان جنید صفدر کی آواز پر جھومتے نظر آئے اور جنید کی اہلیہ عائشہ سیف خان بھی اپنے شوہر کو خوشی سے دیکھتی رہیں۔
مریم نواز اپنے بیٹے کی شادی میں شرکت تو نہ کرسکیں لیکن انھوں نے ٹویٹ میں نوبیاہتے جوڑے کو خوشیوں کی دعایئں دیں۔

جنید صفدر کی اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین بحث و مباحثہ کرتے نظر آئے۔
صحافی ماریانہ بابر نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ ’خوبصورت! خوشی ہے کہ بچے اپنی شادی سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔‘
’ نواز شریف کو بھی گانا گانے سے محبت تھی اور ان کی آواز بھی خوبصورت تھی۔‘
باسط سبحانی کہتے ہیں کہ ’واہ بھئی واہ، جنید صفدر کی تو بہت پیاری آواز ہے، گلوگاری سے محظوظ ہوا ہوں، غلط تبصروں سے اجتناب کریں۔

انسا اختر کہتی ہیں ’کیا جادوئی آواز ہے۔‘

ایک اور صارف نے کہا کہ ’دماغ میں جنید صفدر کا کیا ہوا تیرا وعدہ گانا ہی چل رہا ہے۔‘

خیال رہے کہ جنید صفدر کی شادی کے دوران پچھلے دنوں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے حامیوں کے درمیان شدید بحث چلتی رہی۔
شادی کے روز لندن میں احتجاج اور ہاتھا پائی جیسے نا خوش گوار واقعے بھی پیش آئے۔

شیئر: