انڈین فضائیہ نے کہا ہے کہ ایئر فورس کا ایم آئی وی فائیو ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے جس میں انڈیا کے چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت اور ان اہلیہ سمیت دیگر 11 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
انڈین ایئر فورس نے بدھ کی شام اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا کہ ’انتہائی دکھ کے ساتھ، یہ واضح ہو گیا ہے کہ جنرل بپن راوت، (ان کی اہلیہ) مادھولکا راوت اور ہیلی کاپٹر پر موجود 11 افراد حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں۔‘
مزید پڑھیں
اس سے قبل انڈین فضائیہ کے سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بدھ کو شیئر ہونے والی ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ 'انڈین ایئر فورس کا ایک ایم آئی-17 وی فائیو ہیلی کاپٹر جس میں چیف آف ڈیفنس سٹاف جنرل بپن راوت سوار تھے، آج تمل ناڈو کے علاقے کونور کے قریب حادثے کا شکار ہو گیا ہے۔'ٹویٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 'حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔'
انڈین نیوز ایجنسی اے این آئی کے مطابق اس فوجی ہیلی کاپٹر میں جنرل بپن راوت کے ساتھ ان کا سٹاف اور خاندان کے کچھ افراد بھی موجود تھے۔
پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی ٹویٹ مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل ندیم رضا اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جنرل بپن راوت ، ان کی اہلیہ اور دیگر افراد کی حادثاتی موت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
General Nadeem Raza, CJCSC & General Qamar Javed Bajwa, COAS express condolences on tragic death of #CDS General #BipinRawat, his wife and loss of precious lives in a helicopter crash in India
— DG ISPR (@OfficialDGISPR) December 8, 2021
خیال رہے کہ جنرل بپن راوت انڈیا کے پہلے چیف آف ڈیفنس سٹاف تھے، یہ عہدہ انڈین حکومت نے 2019 میں قائم کیا تھا، اور انہیں وزیراعظم نریندر مودی کے قریب سمجھا جاتا تھا۔
جنرل بپن راوت کا عہدہ دوسرے فوجی سربراہوں کے برابر ہے لیکن وہ دفاعی امور پر براہ راست وزیراعظم کے ساتھ رابطے میں ہوتے تھے۔
With deep regret, it has now been ascertained that Gen Bipin Rawat, Mrs Madhulika Rawat and 11 other persons on board have died in the unfortunate accident.
— Indian Air Force (@IAF_MCC) December 8, 2021