Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش کے خلاف کلین سویپ: ’اسی لیے بابر اعظم کنگ ہیں‘

ڈھاکہ میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر اپنے نام کر لی ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
ٹی 20 ورلڈ کپ میں بہترین کارکردگی کے بعد بنگلہ دیش میں ہونے والی کرکٹ سیریز نے پاکستانی کرکٹ شائقین کو مزید خوش کر دیا ہے جس کا اظہار وہ سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ڈھاکہ میں ہونے والے پاکستان اور بنگلہ دیش کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی شاندار فتح پر پاکستان کرکٹ شائقین ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ ڈھاکہ میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز بدھ کو پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دے کر اپنے نام کر لی ہے۔
اس دلچسپ میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی فتح پر حکومت اور اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے سیاست دانوں نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے اپنے انداز میں خوشی کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ٹوئٹر پر پاکستانی ٹیم کی جیت پر پیغام دیتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان کرکٹ ٹیم کو دوسرا ٹیسٹ میچ جیتنے پر مبارک باد، ساجد خان کی جانب سے بہترین بولنگ کی گئی۔

انہوں نے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’بنگلہ دیش ٹیم کی ہار پر ہماری ہمدردی ان کے ساتھ ہے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستان کرکٹ ٹیم کو مبارک باد، خراب موسم کے باوجود اچھا کھیلے۔‘

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے پاکستان ٹیم کی کارکردگی کے حوالے سے لکھا کہ ’پاکستان کرکٹ ٹیم کی عظیم فتح۔  پاکستان کرکٹ ٹیم نے جس طرح ٹی 20 سے ٹیسٹ کرکٹ کو ایڈجسٹ کیا یہ متاثر کن ہے۔ بہترین 10 کھلاڑی، مبارک ہو۔

مذہبی سیاسی تنظیم جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کرکٹ ٹیم کی جیت پر لکھا ہے کہ ’ پاکستان کرکٹ ٹیم کو بنگلہ دیش میں شاندار کھیل پیش کرنے اور دوسرے ٹیسٹ اور سیریز کی جیت پر مبارکباد، شاباش۔

ٹوئٹر صارف علی عمران پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو کنگ کا خطاب دیتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’پوری ٹیم مینجمنٹ کی طرف سے بہترین کاکردگی کی گئی۔ کرکٹ ٹیم کو مبارکباد۔ بابر اعظم نے تین اوورز میں دو رنز دیے اور ایک وکٹ لی۔ یہی وجہ ہے سب انہیں کنگ کہتے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی حسن علی نے میچ کے بعد ٹویٹ میں لکھا کہ ’دوسری سیریز جیتنے پر اللہ کا شکر ہے اور دوسرا ٹیسٹ میچ ہمیشہ یادگار میچ رہے گا۔ پوری ٹیم اور خاص طور پر ساجد خان نے بہترین کارکردگی دکھائی۔

 

ٹوئٹر صارف نقی حسین بابر اعظم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’بیٹنگ، کیپٹینسی، فیلڈنگ اور اب بولنگ، کپتان بابر اعظم سب کر سکتے ہیں۔‘

ٹوئٹر صارف ہارون بابر اعظم کی بولنگ کے حوالے سے سوال کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ ’کیا کسی اور کو بھی بابر اعظم کا بولنگ کرانا اچھا لگا؟ یقینا میں اور دیکھنا چاہوں گا۔‘

یاد رہے پاکستان اس سے قبل بنگلہ دیش میں ٹی 20 سیریز بھی اپنے نام کر چکا ہے۔

شیئر:

متعلقہ خبریں