بلوچستان کے ضلع پنجگور میں شکار کے لیے جانے والے پانچ افراد قتل
بدھ 8 دسمبر 2021 19:36
زین الدین احمد -اردو نیوز، کوئٹہ
ہلاک ہونے والوں میں پنجگور کے علاقے شبتان کے رہائشی دو بھائی حمزہ اور امان جان بھی شامل ہیں۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع پنجگور میں پانچ افراد کی نعشیں ملی ہیں۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ ضلع پنجگور کے علاقے گچک میں پیش آیا ہے اور ان پانچوں افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔
ہلاک ہونے والے افراد میں پنجگور کے علاقے شبتان کے رہائشی دو بھائی حمزہ اور امان جان بھی شامل ہیں جبکہ دیگر تین افراد کی شناخت شعیب، خلیل اور داؤد کے نام سے ہوئی۔
ورثا کے مطابق ہلاک ہونے والے افراد ایک روز قبل شکار کے لیے گئے تھے۔
اس واقعے کی ذمہ داری کالعدم بلوچ ری پبلکن آرمی نے قبول کی ہے۔