Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی میں اداکاروں اور ماڈلز کے جلوے، دس لاکھ ڈالرز کی امدادی رقم جمع

تقریب میں ہدیٰ قطان سمیت دیگر عرب اور بین الاقوامی شخصیات نے شرکت کیں۔ (فوٹو:عرب نیوز)
ابوظبی میں کئی عرب اور بین الاقوامی شخصیات نے اپنی مقبولیت کا استعمال کرتے ہوئے خطے اور دنیا بھر میں سماجی فلاح و بہبود اور صحت کے منصوبوں کے لیے دس لاکھ ڈالرز سے زیادہ کی رقم اکٹھی کی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ابوظبی میں سنیچر کو گلوبل گفٹ گالا کے موقع پر مشہور شخصیات کی جانب سے امدادی رقم اکٹھی کی گئی۔
یہ رقم لبنانی ریڈ کراس، لبنانی فوج کی طبی سروس اور دنیا بھر میں گلوبل گفٹ فاؤنڈیشن کے پروگراموں کی مدد کے لیے استعمال کی جائے گی۔
اس تقریب میں ایوا لانگیریا، عراقی نژاد امریکی میک اپ آرٹسٹ ہدیٰ بیوٹی کی مالک ہدیٰ قطان اور میک اپ آرٹسٹ اور ماڈل مونا قطان، حجاب پہننے والی ماڈل حلیمہ عدن، جیسیکا قھواتی اور امریکی ماڈل اناستیشیا سمیت دیگر فنکاروں اور گلوکاروں نے شرکت کی۔
اداکارہ ایوا لانگیریا نے برطانوی فیشن ہاؤس ویویئن ویسٹ ووڈ کا خوبصورت گولڈ گاؤن پہنا تھا اور اس کے ساتھ انہوں نے لبنانی جیولر فواز غروسی کے زیورات پہنے تھے۔
ہدیٰ بیوٹی کی مالک ہدیٰ قطان بھی تقریب میں شریک تھیں۔ انہوں نے اس موقعے پر گلابی رنگ کا لباس پہنا ہوا تھا۔ انہوں نے اپنے شوہر کرسٹوفر گونسالو، بیٹی نور اور بہن مونا کے ساتھ ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوئیں۔

گلوبل گفٹ گالا میں امریکی گلوکارہ اناستیشیا نے گلوکاری کی۔ (فوٹو: عرب نیوز)

مونا قطان نے ہلکا بادامی رنگ کا لباس زیب تن کیا تھا۔ مونا پہلی مرتبہ اپنے منگیتر کے ساتھ سامنے آئیں۔ رواں ماہ کے آغاز میں مونا قطان کی منگنی دبئی میں مقیم بزنس مین حسن الامین کے ساتھ ہوئی تھی۔
اس تقریب میں حجاب پہنے والی ماڈل حلیمہ عدن نے بھی شرکت کی۔
ماڈل اور کاروباری شخصیت جیسیکا قھواتی نے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر لکھا کہ ہم نے دس لاکھ ڈالرز سے زیادہ اکٹھے کر لیے ہیں جو لبنان سمیت دنیا بھر میں بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے استعمال ہوں گے۔

شیئر: