Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میراڈونا کی 46 لاکھ روپے کی گھڑی چوری کرنے والا انڈین گرفتار

پولیس کے مطابق اس گھڑی کو میراڈونا کے لیے ان کی مرضی کے مطابق بنایا گیا تھا (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انڈین حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ارجنٹائن سٹار فٹ بالر ڈیاگو میراڈونا کی چوری ہونے والی کسٹمائزڈ گھڑی برآمد کر لی گئی ہے اور دبئی میں مبینہ چوری کرنے والے شخص کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سنیچر کو انڈین پولیس نے بتایا کہ انہوں نے واجد حسین کو شمال مشرقی ریاست آسام میں حراست میں لیا اور سوئس ساختہ ’ہبلوٹ‘ گھڑی برآمد کی۔ وہ دبئی میں مبینہ چوری کے بعد انڈیا فرار ہو گئے تھے۔
پولیس کے مطابق 37 سالہ واجد حسین دبئی میں قائم ایک فرم میں سنہ 2016 سے سکیورٹی گارڈ کے طور پر کام کر رہے تھے، جہاں میراڈونا سے متعلق چیزیں محفوظ تھیں۔
انہوں نے کہا کہ سنگل ایڈیشن گھڑی، جس کی قیمت تقریباً 26 ہزار ڈالر (46 لاکھ پاکستانی روپے) سے زائد ہے، کی پشت پر میراڈونا کی تصویر بنی ہے اور ان کی جرسی کے نمبر 10 کے ساتھ دستخط بھی ہیں۔
شیو ساگر کے سپرنٹنڈنٹ پولیس راکیش روشان نے دبئی حکام سے موصول ہونے والی معلومات کے حوالے سے اے ایف پی کو بتایا کہ ’اگرچہ بہت سی محدود ایڈیشن گھڑیاں دستیاب ہیں، لیکن اس گھڑی کو میراڈونا کے لیے ان کی مرضی کے مطابق بنایا گیا تھا۔‘
فٹبال کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں شمار کیے جانے والے میراڈونا گذشتہ سال نومبر میں 60 سال کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔
آسام کے وزیراعلیٰ ہمانتا بسوا شرما کا کہنا تھا کہ مقامی پولیس نے دبئی میں اپنے ہم منصبوں سے خفیہ اطلاع ملنے کے بعد ملزم کو گرفتار کیا۔
انڈین پولیس کا مزید کہنا تھا کہ زیر حراست شخص نے الزامات کی تردید کی اور کہا کہ وہ اگست میں اپنے بیمار والد کی دیکھ بھال کے لیے آسام میں اپنے آبائی گھر واپس آیا تھا۔

شیئر: